Tag: اسٹاک مارکیٹ

  • مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کے اثرات، اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی

    مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کے اثرات، اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے کےاختتام پر مندی کا رجحان غالب رہا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 5 ہزار 520 پوائنٹس کی نمایاں کمی کے بعد 1 لاکھ 65 ہزار 596 پوائنٹس پر بند ہوا۔ 


    اسٹاک بروکرز کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور سرمایہ کاروں کے محتاط رویے نے مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب کیے۔
    سید فراز اکیوٹیز کی جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق پورے ہفتے سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال کا شکار رہے، جس کے باعث خریداری کا رجحان کمزور پڑ گیا۔ عالمی حالات خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعات نے سرمایہ کاروں کو نئی سرمایہ کاری سے گریز پر مجبور کیا۔ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے بھی مارکیٹ میں بے چینی پیدا کی کیونکہ پاکستان کی معیشت کا بڑا انحصار درآمدی ایندھن پر ہے۔


    مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں میں بھی واضح کمی دیکھی گئی۔ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں یومیہ اوسط کاروباری حجم 954 ملین شیئرز سے کم ہو کر 826 ملین شیئرز تک آ گیا، جو کہ تقریباً 13 فیصد ہفتہ وار کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار اس وقت محتاط حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہیں اور زیادہ تر سرمایہ کار بڑے رسک لینے سے گریز کر رہے ہیں۔


    اگرچہ اسٹاک مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی، تاہم معاشی محاذ پر کچھ مثبت پیش رفت بھی سامنے آئیں۔ پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی جانب سے 1.3 ارب ڈالر موصول ہوئے، جسے معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس رقم سے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملے گا اور حکومت کو مالی دباؤ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

    اسی دوران قطر سے ایل این جی کا ایک بڑا کارگو پورٹ قاسم پہنچا، جس سے توانائی کے شعبے میں وقتی ریلیف ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ توانائی بحران اور گیس کی قلت کے تناظر میں اس پیش رفت کو اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ صنعتوں اور بجلی کے شعبے کو ایندھن کی مسلسل فراہمی معیشت کے لیے ضروری تصور کی جاتی ہے۔

    رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے پانڈا بانڈ کو سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی اور یہ بانڈ پانچ گنا زائد سبسکرائب ہوا۔ معاشی ماہرین کے مطابق بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اس بات کا اشارہ ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے اور سرمایہ کار پاکستانی معیشت میں بہتری کی امید دیکھ رہے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 8 مئی تک اسٹیٹ بینک کے ذخائر 17 ملین ڈالر اضافے کے بعد 15.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ اگرچہ یہ اضافہ محدود ہے، لیکن ماہرین اسے مثبت علامت قرار دے رہے ہیں کیونکہ گزشتہ برسوں میں پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر میں شدید دباؤ کا سامنا رہا ہے۔

    ماہرین نے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جلد بازی کے بجائے محتاط انداز میں سرمایہ کاری کریں اور مارکیٹ میں آنے والی گراوٹ کو خریداری کے مواقع کے طور پر استعمال کریں۔ ان کے مطابق مستقبل میں کے ایس ای-100 انڈیکس میں بہتری کے امکانات موجود ہیں، تاہم عالمی اور مقامی معاشی صورتحال پر گہری نظر رکھنا ضروری ہوگا۔

  • نوجوانوں کا اسٹاک مارکیٹ پر بڑھتا اعتماد، اپریل 2026 میں اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ سرگرمی

    نوجوانوں کا اسٹاک مارکیٹ پر بڑھتا اعتماد، اپریل 2026 میں اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ سرگرمی

    گلف میں ایران، امریکہ جنگ کی صورتحال اور آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے تیل کے بحران کے باوجود پاکستان میں اندرونی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایسی غیر یقینی معاشی صورتحال میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اپریل 2026 کے دوران تاریخی تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ نیشنل کلئیرنگ کمپنی آف پاکستان کی اس حوالے سے ایک رپورٹ کے مطابق صرف ایک ماہ میں 25 ہزار 114 نئے سرمایہ کار اکاؤنٹس کھولے گئے۔

    بروکرز کے مطابق اتنی ریکارڈ سرمایہ کاری سے اسٹاک مارکیٹ میں عوامی دلچسپی اور اعتماد میں نمایاں اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔ اپریل 2026 میں مجموعی طور پر 12 ہزار 818 نارمل اکاؤنٹس، 12 ہزار 240 سہولت اکاؤنٹس اور 56 کارپوریٹ اکاؤنٹس کھولے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق نوجوان نسل کی اسٹاک مارکیٹ میں دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اپریل میں جین زی یعنی 18 سے 30 سال عمر کے مردوں نے سب سے زیادہ 10 ہزار 171 جبکہ خواتین نے 1518 اکاؤنٹس کھولے۔

    اسی طرح 31 سے 45 سال عمر کے مردوں نے 8743 اور خواتین نے 1475 اکاؤنٹس بنوائے۔ 46 سے 60 سال عمر کے مردوں کی جانب سے 2256 جبکہ خواتین کی جانب سے 388 اکاؤنٹس کھولے گئے۔ اس کے علاوہ 61 سے 75 سال عمر کے مردوں نے 419 اور خواتین نے 85 اکاؤنٹس اوپن کیے۔

    صوبائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب اور سندھ سرمایہ کاری کے رجحان میں سب سے آگے رہے۔

    اپریل میں پنجاب سے 13 ہزار 133 جبکہ سندھ سے 7750 نئے اسٹاک اکاؤنٹس کھولے گئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی سرمایہ کار اکاؤنٹس کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

    ماہرین کے مطابق مالیاتی شمولیت میں اضافے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان مضبوط ہو رہا ہے۔

  • اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ گراوٹ، جنگی خدشات سے سرمایہ کار خوفزدہ

    اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ گراوٹ، جنگی خدشات سے سرمایہ کار خوفزدہ

    مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی سیاسی و عسکری کشیدگی کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی واضح طور پر سامنے آنے لگے ہیں۔ ہفتے کے پہلے کاروباری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج شدید مندی کی لپیٹ میں رہی اور کاروبار کے آغاز کے چند ہی منٹوں میں مارکیٹ تاریخ کی بڑی گراوٹ کا شکار ہو گئی۔

    خطے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی اور ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری جنگی صورتحال نے سرمایہ کاروں میں خوف اور غیر یقینی کی فضا پیدا کر دی، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر حصص کی فروخت دیکھنے میں آئی۔

    پیر کی صبح جیسے ہی کاروبار کا آغاز ہوا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بینچ مارک انڈیکس کے ایس ای-100 میں تیزی سے کمی شروع ہوگئی۔ ابتدائی اوقات میں ہی انڈیکس تقریباً 15 ہزار پوائنٹس تک گر گیا، جس نے سرمایہ کاروں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا۔ اچانک اور غیر معمولی گراوٹ کے باعث مارکیٹ میں بے چینی پھیل گئی اور سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لیے فوری طور پر شیئرز فروخت کرنا شروع کر دیے۔

    مارکیٹ میں تیز رفتار مندی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ کو صبح 9 بج کر 22 منٹ پر خودکار حفاظتی نظام کے تحت کاروبار ایک گھنٹے کے لیے معطل کرنا پڑا۔ یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب کے ایس ای-30 انڈیکس میں 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسٹاک ایکسچینج کے قواعد کے مطابق اگر مارکیٹ میں اچانک حد سے زیادہ گراوٹ آ جائے تو سرمایہ کاروں کو صورتحال کا جائزہ لینے کا موقع دینے کے لیے ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی جاتی ہے تاکہ گھبراہٹ میں فروخت کا دباؤ مزید نہ بڑھے۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے محقق جبران سرفراز نے اس صورتحال کو ایک دن میں ہونے والی غیر معمولی اور ریکارڈ منفی گراوٹ قرار دیا۔ ان کے مطابق حالیہ برسوں میں ایک ہی روز کے دوران اتنی بڑی کمی کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اور علاقائی سیاسی حالات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے باعث مارکیٹ پر شدید دباؤ دیکھنے میں آیا۔

    کاروبار ایک گھنٹے کی معطلی کے بعد صبح 10 بج کر 22 منٹ پر دوبارہ شروع ہوا۔ ٹریڈنگ بحال ہونے کے بعد ابتدائی طور پر مارکیٹ میں کچھ بہتری دیکھنے میں آئی اور انڈیکس نے چند ہزار پوائنٹس واپس حاصل کیے، تاہم سرمایہ کاروں کا اعتماد مکمل طور پر بحال نہ ہو سکا اور فروخت کا رجحان برقرار رہا۔ دن کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج 16 ہزار 89 پوائنٹس کی بڑی کمی کے ساتھ 151,973 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی، جو مارکیٹ کے لیے ایک نہایت مشکل دن ثابت ہوا۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سینیئر ممبر عابد علی حبیب نے کہا کہ موجودہ غیر یقینی صورتحال میں زیادہ تر سرمایہ کاروں نے احتیاط کا راستہ اختیار کرتے ہوئے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی۔ ان کے مطابق جب بھی خطے میں جنگ یا کشیدگی بڑھتی ہے تو سب سے پہلے اسٹاک مارکیٹ متاثر ہوتی ہے کیونکہ سرمایہ کار خطرات مول لینے کے بجائے اپنا سرمایہ محفوظ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال سرمایہ کاری کے فیصلوں پر براہِ راست اثر ڈالتی ہے اور غیر یقینی حالات میں مارکیٹ دباؤ کا شکار ہو جاتی ہے۔

    عالمی مالیاتی منڈیاں بھی اس دوران دباؤ کا شکار رہیں۔ عابد علی حبیب کے مطابق ایشیائی اسٹاک مارکیٹس نے کاروبار کے آغاز میں شدید گھبراہٹ کا مظاہرہ کیا، تاہم بعد ازاں کچھ حد تک بہتری آئی۔ یورپی مارکیٹس جب کھلیں تو وہاں بھی تقریباً ایک فیصد تک کمی دیکھی گئی، تاہم عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آئل کمپنیوں کے حصص میں بہتری دیکھنے میں آئی، جس نے بعض مارکیٹس کو سہارا فراہم کیا۔

    ابا علی حبیب سیکیورٹیز کے ماہر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں صرف چھوٹے سرمایہ کار ہی نہیں بلکہ بڑے مالیاتی اداروں، انسٹی ٹیوشنز اور مچوئل فنڈز نے بھی بڑے پیمانے پر شیئرز فروخت کیے۔ ان کے مطابق ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی فروخت نے مارکیٹ پر اضافی دباؤ ڈالا، جس کے نتیجے میں انڈیکس تیزی سے نیچے آیا۔

    فیصل کے مطابق آئندہ دنوں میں اسٹاک مارکیٹ کی سمت کا انحصار بڑی حد تک علاقائی سیاسی صورتحال، عالمی مالیاتی رجحانات اور حکومت کی معاشی پالیسیوں پر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر خطے میں کشیدگی میں کمی آتی ہے اور عالمی منڈیوں میں استحکام آتا ہے تو مقامی مارکیٹ بھی بتدریج سنبھل سکتی ہے۔

    عابد علی حبیب نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریے مجموعی طور پر مثبت سمت میں جا رہے ہیں اور متعدد بڑی کمپنیاں منافع بھی کما رہی ہیں۔ ان کے مطابق مارکیٹ میں اس نوعیت کا اتار چڑھاؤ وقتی ہوتا ہے اور طویل مدت میں بنیادی معاشی عوامل ہی اصل اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو صرف منفی زاویے سے نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ اسے ایک موقع کے طور پر بھی لیا جا سکتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ چھوٹے سرمایہ کاروں کے لیے یہ مناسب وقت ہو سکتا ہے کہ وہ سوچ سمجھ کر اور ماہرین کے مشورے سے مارکیٹ میں داخل ہوں، کیونکہ کم قیمت پر معیاری شیئرز خریدنے کا موقع مل رہا ہے۔ تاہم انہوں نے احتیاط کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری ہمیشہ معلومات اور تجزیے کی بنیاد پر کرنی چاہیے تاکہ غیر ضروری نقصان سے بچا جا سکے۔

  • اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، نئی تاریخی بلند ترین سطح قائم

    اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، نئی تاریخی بلند ترین سطح قائم

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے لیے یہ ہفتہ نہایت تیزی رہی۔ ہفتے کے دوران مارکیٹ میں مجموعی طور پر تقریباً 4 ہزار 066 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس زبردست تیزی کے باعث مارکیٹ نے تاریخ کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 90 ہزار 566 پوائنٹس کو بھی چھو لیا، جو کہ اب تک کی سب سے زیادہ سطح ہے۔

    اگر جمع کے روز، رواں ہفتے کے اختتام پر کلوزنگ کی بات کی جائے تو مارکیٹ 1 لاکھ 90 ہزار 166 پوائنٹس پر بند ہوئی، یعنی مارکیٹ نے 1 لاکھ 90 ہزار پوائنٹس سے اوپر مضبوط کلوزنگ دی، جسے ماہرین ایک شاندار پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

    اس ہفتے مختلف شعبوں نے مارکیٹ کی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا۔مارکیٹ انالسسٹ اور ریسرچر جبران سرفراز کے مطابق فرٹیلائزر، بینکنگ اور آئل اینڈ گیس سیکٹرز نے خاص طور پر اچھی کارکردگی دکھائی، جس سے مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا۔

    ان کے مطابق پیر 26 جنوری کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان متوقع ہے، جس کی وجہ سے بھی مارکیٹ میں مزید تیزی متوقع ہے۔21 جنوری کو ہونے والی ٹریژری بلز کی نیلامی میں حکومت نے بیشتر مدتوں پر کٹ آف ییلڈز کو چار سال بعد پہلی بار سنگل ڈیجٹ تک کم کر دیا، جس سے یہ تاثر مضبوط ہوا کہ پالیسی ریٹ میں 50 سے 100 بیسس پوائنٹس کی کمی ممکن ہے۔

    حالیہ مہنگائی کے اعداد و شمار میں بہتری کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ شرح سود میں یقیناً کمی ہوگی۔ اس وقت شرح سود 10.5 فیصد ہے، جو کہ 10 یا 9.5 فیصد متوقع ہے۔ کاروباری حضرات کی جانب مسلسل شرح سود میں کمی کا مطالبہ سامنے آرہا ہے۔

    آنے والے دنوں میں رول اوور ویک بھی متوقع ہے، تاہم عالمی سطح پر جیو پولیٹیکل صورتحال ابھی مکمل طور پر بہتر نہیں ہو سکی۔ اسی غیر یقینی صورتحال کے باعث سونے کی قیمت بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور تقریباً پانچ لاکھ چھ ہزار روپے فی تولہ پر کاروبار ہو رہا ہے، جبکہ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    کاروباری سرگرمی کے لحاظ سے حصص کی مجموعی تعداد کم ہو کر 875.49 ملین رہی، جو ایک ارب سے کم ہے، تاہم کاروباری مالیت بڑھ کر 58.5 ارب روپے ہو گئی۔ حجم کے اعتبار سے کے الیکٹرک سرفہرست رہی، جس کے 141.4 ملین حصص کا کاروبار ہوا۔

    واضح رہے کہ ہفتے کے آغاز میں کرنٹ اکاؤنٹ کے اعداد و شمار نے سرمایہ کاروں کو محتاط رکھا تھا، کیونکہ دسمبر 2025 میں 244 ملین ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ اور نومبر میں سرپلس رہا تھا۔ اس کے باوجود ہفتے کے اختتام پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور مارکیٹ نئی بلندیوں تک پہنچ گئی۔

    مجموعی طور پر اسٹاک مارکیٹ اس وقت آل ٹائم ہائی پر موجود ہے اور سرمایہ کار محتاط مگر پُرامید نظر آ رہے ہیں۔ جبران سرفراز کے مطابق فروری یا مارچ تک کے ایس ای – 100 انڈیکس دولاکھ پوائنٹس کی حد عبور کرلے گا۔

  • پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل بلندی کے نئے رکارڈز: وجوہات، خطرات اور سرمایہ کاروں کی تشویش

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل بلندی کے نئے رکارڈز: وجوہات، خطرات اور سرمایہ کاروں کی تشویش

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج اس وقت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بھرپور توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ حالیہ مہینوں میں کے ایس ای 100 انڈیکس مسلسل نئی بلند ترین سطحوں کو چھوتا رہا ہے، جس کے باعث عام لوگوں میں نہ صرف اسٹاک مارکیٹ میں دلچسپی بڑھی ہے بلکہ نئے سرمایہ کاروں میں تشویش بھی پیدا ہو رہی ہے۔

    بہت سے افراد یہ سوال کر رہے ہیں کہ اسٹاک مارکیٹ میں یہ غیر معمولی تیزی کیوں ہے اور آیا موجودہ بلند سطح پر سرمایہ کاری کرنا محفوظ فیصلہ ہے یا نہیں؟۔
    رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز مارکیٹ نے ایک بار پھر نیا ریکارڈ قائم کیا، جب کے ایس ای 100 انڈیکس 1,495.61 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 73 ہزار896.34 پوائنٹس پر بند ہوا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ ہفتے کے اختتام پر انڈیکس نئی بلند سطح پر پہنچا تھا، جس نے مارکیٹ کے مثبت رجحان کو مزید مضبوط کیا۔

    مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق اس تیزی کی ایک بڑی وجہ ملک میں معاشی حالات میں آنے والی نسبتی بہتری ہے۔ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان شدید مالی بحران سے بچنے میں کامیاب رہا، زرِ مبادلہ کے ذخائر میں استحکام آیا اور افراطِ زر میں بتدریج کمی کے آثار نمایاں ہوئے۔ ان مثبت اشاریوں نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیا، جو کسی بھی اسٹاک مارکیٹ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ جب سرمایہ کار مستقبل کے بارے میں پُرامید ہوتے ہیں تو وہ حصص کی خریداری کی طرف مائل ہوتے ہیں۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ریسرچر اور بروکر جبران سرفراز کے مطابق پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری اور بڑھتے ہوئے فارن ایکسچینج ریزروز اس تیزی کی نمایاں وجوہات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے فوجی فاؤنڈیشن میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری نے مارکیٹ کے اعتماد میں نمایاں اضافہ کیا ہے، جس کے مثبت اثرات اسٹاک مارکیٹ میں نظر آ رہے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق شرح سود کے حوالے سے توقعات بھی مارکیٹ کی تیزی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج کے سینئر رکن عابد علی حبیب کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں شرح سود کے سنگل ڈیجٹ میں آنے کے امکانات مضبوط ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق نئے سال کے آغاز میں شرح سود نو اعشاریہ پانچ فیصد تک آ سکتی ہے۔

    جب شرح سود بلند ہوتی ہے تو سرمایہ کار بینکوں میں رقم جمع کرانے یا حکومتی بچت اسکیموں کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن جیسے جیسے مہنگائی کم ہوتی ہے اور شرح سود میں کمی کی توقع پیدا ہوتی ہے، ویسے ہی اسٹاک مارکیٹ زیادہ پرکشش بن جاتی ہے۔ بہتر منافع کی امید میں سرمایہ کار اپنی رقوم بینکوں سے نکال کر حصص میں لگانا شروع کر دیتے ہیں۔
    اسٹاک مارکیٹ کی حالیہ تیزی میں بڑے شعبوں کی مضبوط کارکردگی نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ بینکوں نے گذشتہ برسوں میں بلند شرح سود کے باعث نمایاں منافع حاصل کیا، جس سے ان کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ اسی طرح تیل و گیس، فرٹیلائزر اور سیمنٹ کے شعبوں سے وابستہ کمپنیوں نے بھی بہتر مالی نتائج پیش کیے۔ چونکہ یہ کمپنیاں انڈیکس میں زیادہ وزن رکھتی ہیں، اس لیے ان کے حصص میں اضافے سے مجموعی مارکیٹ اوپر کی جانب جاتی ہے۔

    مقامی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد کی واپسی بھی مارکیٹ کی تیزی کی ایک اہم وجہ ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع محدود ہونے کے باعث بہت سے افراد اب اسٹاک مارکیٹ کو اپنی بچت بڑھانے کا مؤثر ذریعہ سمجھنے لگے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر کاروباری حجم میں اضافہ ہوا ہے اور نئے سرمایہ کار مارکیٹ میں داخل ہو رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، کچھ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی دلچسپی لینا شروع کر دی ہے، کیونکہ پاکستان کی مارکیٹ طویل عرصے تک کم قیمت پر رہی اور اب یہاں بہتر منافع کے مواقع دکھائی دے رہے ہیں۔

    اگرچہ مارکیٹ بلند سطح پر ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ محض انڈیکس کی بلندی اس بات کا ثبوت نہیں کہ مارکیٹ ضرورت سے زیادہ مہنگی ہو چکی ہے۔ اصل اہمیت کمپنیوں کی کمائی، ڈیویڈنڈ میں اضافہ، مستقبل کی ترقی اور حصص کی حقیقی قدر کی ہوتی ہے۔ البتہ یہ حقیقت بھی نظرانداز نہیں کی جا سکتی کہ بعض حصص میں تیزی قیاس آرائی کی بنیاد پر ہے، جہاں خطرات زیادہ اور اچانک مندی کا امکان بھی موجود رہتا ہے۔

    سرمایہ کاروں کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ پاکستان کی معیشت کو اب بھی کئی چیلنجز درپیش ہیں، جن میں حکومتی قرضوں کا بوجھ، سیاسی غیر یقینی صورتحال اور بیرونی دباؤ شامل ہیں۔ کسی بھی منفی خبر سے مارکیٹ میں اچانک مندی آ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، تیزی کے دور میں جذباتی فیصلے بھی نقصان کا باعث بن سکتے ہیں، کیونکہ بعض افراد صرف موقع ضائع ہونے کے خوف سے سرمایہ کاری کر بیٹھتے ہیں۔

    طویل مدت کے سرمایہ کاروں کے لیے اسٹاک مارکیٹ میں اب بھی مواقع موجود ہیں، بشرطیکہ سرمایہ کاری سوچ سمجھ کر کی جائے۔ بہتر حکمتِ عملی یہ ہے کہ ساری رقم ایک ہی وقت میں لگانے کے بجائے مرحلہ وار سرمایہ کاری کی جائے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ تقسیم کیا جائے۔ مضبوط بنیادوں اور مستحکم آمدن والی کمپنیوں کا انتخاب خطرات کو نمایاں حد تک کم کر سکتا ہے۔

    ماہرین نئے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیتے ہیں کہ براہِ راست اسٹاک مارکیٹ میں داخل ہونے کے بجائے کسی مالیاتی ماہر کے مشورے سے معروف میوچوئل فنڈز میں سرمایہ کاری سے آغاز کریں۔ میوچوئل فنڈز پیشہ ورانہ بنیادوں پر اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرتے ہیں اور حاصل ہونے والا منافع اپنے سرمایہ کاروں میں تقسیم کرتے ہیں، جس سے خطرات نسبتاً کم ہو جاتے ہیں۔

    آخر میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی حالیہ تیزی محض اتفاق نہیں بلکہ بہتر ہوتے معاشی حالات، کمپنیوں کی مضبوط کارکردگی اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ تاہم، محتاط منصوبہ بندی، تحقیق اور صبر کے بغیر سرمایہ کاری نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں کامیابی کا انحصار جلد بازی پر نہیں بلکہ سمجھداری اور طویل مدتی سوچ پر ہوتا ہے۔