[rank_math_breadcrumb]

سندھ حکومت کا تمام قیدیوں کے بچوں کو نجی تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم دینے کا اعلان

 سندھ حکومت نے صوبے کے تمام جیلوں میں قید سزا یافتہ قیدیوں کے بچوں کو نجی تعلیمی اداروں میں پرائمری سے یونیورسٹی تک مفت تعلیم دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ان بچوں کی تعلیمی اخراجات صوبائی حکومت ادا کرے گی۔

سندھ کے محکمہ جیل خانہ جات کے رکارڈ کے مطابق سندھ میں کل 27 جیلیں ہیں، جن میں سے تین بند ہیں۔ بقیہ 24 جیلوں میں اس وقت 24 ہزار قیدی موجود ہیں۔

محکمہ تعلیم سندھ، محکمہ جیل خانہ جات اور غیر سرکاری تنظیم ‘پیغام پاکستان’ کے اشتراک سے صوبے کے جیلوں میں قید قیدیوں کے بچوں کو مفت تعلیم کا بندوبست کیا جائے گا۔

ساگا ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے کہا جب کسی فرد کو سزا ہوتی ہے اور جیل میں آجاتا ہے تو ان کے خاندان کی کفالت کے ساتھ بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہوتی ہے اور بغیر تعلیم کے بچے جرائم کرنا شروع کردیتے ہیں۔

سردار علی شاہ کے مطابق: ‘یہ ریاست کی ذمی داری ہے کہ وہ تمام شہریوں کو مساوی حقوق دے، اس لیے سندھ حکومت نے فیصلہ کیا کہ صوبے کی جیلوں میں موجود قیدیوں کے بچوں کو اچھے نجی تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم دی جائے۔

‘اب تک ہمارے پاس چار ہزار قیدیوں کے بچوں کے کوائف موصول ہوگئے ہیں، جن کی مفت تعلیم کے لیٹر جاری کیے جارہے ہیں۔ اس لیٹر کے ساتھ قیدیوں کے بچے کسی بھی اچھی پراویٹ سکول میں داخلہ لیں اور ان تعلیمی اداروں کا مکمل خرچہ سندھ حکومت ادا کرے گی۔

‘یہ تعلیم پرائمری سے یونیورسٹی تک دی جائے گی۔ اس وقت سندھ کے تمام جیلوں میں 24 ہزار قیدی موجود ہیں۔ تمام قیدیوں کے بچوں کے کوائف آجائیں تو پھر اندازہ ہوگا کہ کتنے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔’

اسی بارے میں: