اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے امریکہ، ایران کے مابین شدید کشیدگی کے بعد دونوں فرقین کے درمیاں مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں کردار کرنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو جنگ کے بجائے سفارت کاری کی طرف واپس آنا چاہیے۔
منگل کو اسلام آباد میں پاکستان کے وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گوتریش نے پاکستان کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان مکالمے کی راہ ہموار کرنے اور ثالثی کے کردار کی تعریف کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش منگل کو پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے۔ ان کا یہ دورہ آٹھ اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا۔
یہ 2022 کے بعد پاکستان کا ان کا پہلا دورہ ہے۔ 2022 میں انہوں نے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔ تاہم، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے ان کا پاکستان کا پہلا دورہ فروری 2020 میں ہوا تھا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران عالمی اور علاقائی امن، فلسطین، کشمیر، افغانستان اور امریکہ ایران تنازع سمیت اہم امور پر پاکستانی قیادت سے بات چیت کی ہے۔ ا
انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو جنگ کے بجائے سفارت کاری کی طرف واپس آنا چاہیے۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں دریائے سندھ کے پانی کے معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں پاکستان کی امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششوں پر بھی بات ہوئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو سب سے مؤثر راستہ سمجھتا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دورے میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی تیاری بھی اہم موضوع ہے۔ وہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے دفتر کا دورہ کریں گے جہاں انہیں آفات سے نمٹنے، ابتدائی اطلاع کے نظام اور موسمیاتی خطرات سے بچاؤ کے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔
اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد آفات سے نمٹنے اور اپنی تیاری بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔
گوتریش اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان کے دفتر کا بھی دورہ کریں گے۔ یہ دورہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے دیرینہ تعاون کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و سلامتی کے معاملات پر بات چیت کا موقع فراہم کرے گا۔
اقوام متحدہاقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے طور پر گوتریش کی مدت 31 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے۔ پاکستان کا موجودہ دورہ ان کے عہدے کی مدت کے اختتام سے قبل اہم دوروں میں شامل ہے۔

