چین کے صوبہ ہونان اور سندھ سسٹر صوبے قرار : ٹرانسپورٹ، توانائی اور زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ٹرانسپورٹ

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے چین کے صوبہ ہونان کے شہر چانگشا میں ہونان صوبائی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین یانگ ہاؤڈونگ سے ملاقات کی، جس میں سندھ اور ہونان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی قاسم نوید قمر، گوانگ ژو میں پاکستان کے قونصل جنرل یاسر اقبال بٹ اور دیگر حکومتی حکام بھی موجود تھے۔ کثیر ملکی مکالمے میں بیلاروس، روس اور میکسیکو سمیت دیگر ممالک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے دوران شرجیل انعام میمن نے سندھ حکومت کی جانب سے عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کیے جانے والے اقدامات سے چینی حکام کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوام کو جدید، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں الیکٹرک بسوں، ڈبل ڈیکر بسوں، بی آر ٹی کوریڈورز اور الیکٹرک ٹیکسیوں کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے نظام کو ماحول دوست بنانا بھی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو ترجیح دے رہی ہے۔ بڑے شہروں میں ٹریفک کے مسائل کم کرنے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

انہوں نے صوبہ ہونان کے ساتھ توانائی، ٹرانسپورٹ، خوراک اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں سندھ حکومت کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے مختلف صوبوں کے ساتھ تعاون سے سندھ میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں اور اس سلسلے میں کاروباری اور سرکاری سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر یانگ ہاؤڈونگ نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں سندھ اور ہونان کے درمیان کاروباری تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں خطوں کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے کاروباری اداروں اور متعلقہ حکام کے درمیان روابط کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ اس سے سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

ملاقات میں سندھ اور ہونان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے عوامی مفاد کے منصوبوں، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے اس امید کا اظہار کیا کہ سندھ اور ہونان کے درمیان تعاون مستقبل میں مزید وسیع ہوگا اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں سے دونوں خطوں کو فائدہ پہنچے گا۔

اسی بارے میں: