[rank_math_breadcrumb]

کراچی میں قائم نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز (این آئی سی وی ڈی) میں جدید او پی ڈی کی نئی عمارت مکمل

کراچی میں قائم نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز، این آئی سی وی ڈی، ملک بھر سے آنے والے دل کے مریضوں کو مفت اور خصوصی علاج کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سندھ حکومت نے ایک ارب 20 کروڑ روپے کی لاگت سے این آئی سی وی ڈی کراچی میں نئی، جدید اور وسیع او پی ڈی بلاک تعمیر کرایا ہے، جس کا حال ہی میں افتتاح کیا گیا۔

نئی او پی ڈی کی تعمیر سے قبل این آئی سی وی ڈی کی موجودہ او پی ڈی میں روزانہ تقریباً 1,200 سے 1,400 مریضوں کے معائنے کی گنجائش تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا اور گنجائش سے زیادہ مریض آنے کے باعث علاج، معائنے اور مختلف ٹیسٹوں کے لیے آنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر زیادہ گنجائش، بہتر انتظام اور جدید طبی سہولیات سے مزین نئی او پی ڈی کی ضرورت محسوس کی گئی۔ اسی منصوبے کے تحت نئی او پی ڈی کو تین منزلوں، بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور فرسٹ فلور، پر تعمیر کیا گیا ہے۔

بیسمنٹ میں جنرل وارڈ کے مریضوں کے معائنے کی سہولت موجود ہے، جبکہ گراؤنڈ فلور پر پرائیویٹ مریضوں کے لیے انتظام کیا گیا ہے۔ فرسٹ فلور پر نان انویسیو امیجنگ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

نئی او پی ڈی کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ مریضوں کے لیے ضروری ٹیسٹ، تشخیص اور دیگر طبی سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کی گئی ہیں۔ اس نئے بلاک میں روزانہ تقریباً 2,500 سے 3,000 مریضوں کو سہولت فراہم کرنے کی گنجائش ہے۔

این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر کے مطابق نئی او پی ڈی میں منتقلی کے وقت روزانہ تقریباً 2,100 سے 2,200 مریض آ رہے تھے، جنہیں نئی او پی ڈی میں باآسانی ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے۔

نئی او پی ڈی میں مختلف اہم اسپیشلٹیز بھی موجود ہیں، جس کے باعث مریضوں کو ابتدائی معائنے، ضروری نگہداشت، تشخیص اور متعلقہ علاج کی سہولت ایک ہی جگہ پر فراہم کی جا رہی ہے۔ نئی عمارت سے مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھالنے اور این آئی سی وی ڈی آنے والے مریضوں کو زیادہ منظم طبی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔