Tag: پرتگال

  • امریکا اور پرتگال کی فیفا ورلڈ کپ سے رخصتی، کوارٹر فائنل ٹکٹوں کی قیمتیں آدھے سے بھی کم ہوگئیں

    امریکا اور پرتگال کی فیفا ورلڈ کپ سے رخصتی، کوارٹر فائنل ٹکٹوں کی قیمتیں آدھے سے بھی کم ہوگئیں

    فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل مرحلے سے پہلے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اچانک بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ امریکا اور پرتگال کی ٹیموں کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد شائقین کی دلچسپی میں کمی آئی، جس کے نتیجے میں کئی اہم مقابلوں کے ٹکٹ ثانوی مارکیٹ میں تقریباً 60 فیصد تک سستے ہو گئے ہیں۔

    فوربس کی ایک رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ کمی اسپین اور بیلجیئم کے درمیان کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل کے ٹکٹوں میں دیکھی گئی۔ اس مقابلے کے کم ترین درجے کے ٹکٹ، جو چند روز پہلے تقریباً 2 ہزار 950 ڈالر میں فروخت ہو رہے تھے، اب تقریباً ایک ہزار 200 ڈالر تک آ گئے ہیں۔ اس طرح صرف چند دنوں میں ان کی قیمت میں نصف سے بھی زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ٹکٹوں کی قیمتوں پر نظر رکھنے والی مختلف کمپنیوں کے مطابق صرف ایک میچ ہی نہیں بلکہ تمام کوارٹر فائنل مقابلوں کے اوسط ٹکٹوں کی قیمتیں بھی تیزی سے نیچے آئی ہیں۔ بعض اندازوں کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں اوسط قیمتوں میں 50 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی، جبکہ صرف ایک دن کے دوران بھی نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔

    فوربس کے اسٹاف رپورٹر انتونیو پیکینو-IV کا کہنا ہے کہ اس کمی کی سب سے بڑی وجہ امریکا اور پرتگال کی غیر متوقع شکستیں ہیں۔ امریکا میزبان ممالک میں شامل ہونے کی وجہ سے مقامی شائقین کی بڑی تعداد اس کی کامیابی کی امید لگائے بیٹھی تھی، جبکہ پرتگال کی ٹیم کے ساتھ عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو بھی ٹورنامنٹ کا حصہ تھے۔ دونوں ٹیموں کی رخصتی کے بعد بہت سے شائقین نے ٹکٹ خریدنے میں دلچسپی کم کر دی، جس کا براہ راست اثر قیمتوں پر پڑا۔

    فوربس مے مطابق اگر امریکا اور پرتگال کی ٹیمیں آگے بڑھتیں اور ایک دوسرے کے مدمقابل آتیں تو اس مقابلے کو ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میچوں میں شمار کیا جاتا۔ ایسے میچ کے لیے ٹکٹوں کی طلب بہت زیادہ ہوتی، لیکن دونوں ٹیموں کی جلد رخصتی نے یہ امکان ختم کر دیا۔

    رپورٹ کے مطابق فرانس اور مراکش کے درمیان ہونے والا کوارٹر فائنل اس مرحلے کا نسبتاً کم قیمت والا مقابلہ بن گیا ہے۔ اس میچ کے ابتدائی ٹکٹ تقریباً 989 سے ایک ہزار 100 ڈالر کے درمیان دستیاب ہیں، جبکہ دیگر بڑے مقابلوں کے مقابلے میں ان کی قیمت نسبتاً کم دیکھی جا رہی ہے۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے 2026 کے ٹورنامنٹ کے ٹکٹوں کو تاریخ کے مہنگے ترین ورلڈ کپ ٹکٹوں میں شمار کیا جا رہا تھا۔ کئی شائقین نے فیفا کی متغیر قیمتوں کی پالیسی پر بھی تنقید کی تھی، کیونکہ مختلف میچوں کے ٹکٹوں کی قیمت طلب کے مطابق مسلسل اوپر نیچے ہوتی رہی۔

    اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ کھیلوں کی دنیا میں بڑے نام اور مقبول ٹیمیں کسی بھی ایونٹ کی تجارتی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ جب ایسی ٹیمیں جلد ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں تو نہ صرف ٹکٹوں کی فروخت متاثر ہوتی ہے بلکہ ہوٹلوں، سفری خدمات اور دیگر کاروباری سرگرمیوں پر بھی اثر پڑتا ہے۔ اسی لیے امریکا اور پرتگال کی شکست کے بعد ٹکٹوں کی مارکیٹ میں فوری ردعمل سامنے آیا۔

    دوسری جانب بعض شائقین نے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے انتہائی مہنگے ٹکٹوں کی وجہ سے عام فٹبال مداحوں کے لیے میچ دیکھنا مشکل ہو گیا تھا، لیکن اب قیمتیں کم ہونے سے زیادہ لوگ اس عالمی ایونٹ کے کوارٹر فائنل مقابلے میدان میں بیٹھ کر دیکھ سکیں گے۔

    ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر سیمی فائنل اور فائنل میں عالمی شہرت یافتی ٹیمیں اور بڑے کھلاڑی پہنچتے ہیں تو ٹکٹوں کی قیمتیں دوبارہ بڑھ سکتی ہیں۔ اس لیے موجودہ کمی کو عارضی رجحان قرار دیا جا رہا ہے، جو ٹورنامنٹ کی بدلتی صورت حال اور شائقین کی طلب کے مطابق تبدیل ہو سکتا ہے۔

    فیفا ورلڈ کپ 2026 اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ اس کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں شریک ہوئیں، جس کے باعث میچوں کی تعداد بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اگرچہ ایونٹ مجموعی طور پر شاندار انداز میں جاری ہے، لیکن کوارٹر فائنل سے پہلے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اچانک آنے والی یہ کمی کھیلوں کی دنیا میں غیر معمولی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

  • رونالڈو کا تاریخی گول، کروشیا کو 2-1 سے ہرا کر پرتگال پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

    رونالڈو کا تاریخی گول، کروشیا کو 2-1 سے ہرا کر پرتگال پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

    کرسٹیانو رونالڈو کے تاریخی گول اور متبادل کھلاڑی گونزالو راموس کے آخری لمحات میں کیے گئے فیصلہ کن ہیڈر کی بدولت پرتگال نے کروشیا کو 2-1 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اب اس کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔ میچ کے اختتام پر وی اے آر کے ایک متنازع فیصلے نے کروشیا کی امیدیں بھی ختم کر دیں۔

    کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں کھیلے گئے اس ناک آؤٹ مقابلے میں پرتگال نے پہلے ہاف میں گیند پر زیادہ کنٹرول رکھا، لیکن وہ اپنی برتری کو گول میں تبدیل نہ کر سکا۔ کرسٹیانو رونالڈو کو ابتدائی مواقع ملے، تاہم کروشیا کے دفاع اور گول کیپر نے انہیں کامیاب نہ ہونے دیا۔

    دوسرے ہاف کے آغاز کے بعد میچ کا رخ بدل گیا۔ 53ویں منٹ میں ایوان پریشیچ نے جوسیپ اسٹانیشچ کے پاس پر خوبصورت گول کرکے کروشیا کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ اس گول کے بعد کروشیا کے کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھ گیا اور انہوں نے مزید حملے کیے، جبکہ پرتگال دباؤ میں آ گیا۔

    کروشیا کی خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔ پرتگال نے جوابی حملے تیز کیے اور 68ویں منٹ میں اسے پینلٹی مل گئی، جب کروشیا کے نکولا ولاشیچ نے پنالٹی ایریا میں ریناٹو ویگا کو گرا دیا۔ 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے پینلٹی پر گیند سیدھی جال میں پہنچا کر اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ یہ ورلڈ کپ کی ناک آؤٹ مرحلے میں رونالڈو کا پہلا گول تھا، جس کے ساتھ وہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں گول کرنے والے معمر ترین کھلاڑی بھی بن گئے۔

    میچ کے آخری لمحات میں دونوں ٹیمیں فیصلہ کن گول کی تلاش میں تھیں۔ مقررہ وقت کے بعد اضافی وقت کے چوتھے منٹ میں رافائل لیاؤ کے شاندار کراس پر متبادل کھلاڑی گونزالو راموس نے زبردست ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر پرتگال کو 2-1 کی برتری دلا دی۔

    کروشیا نے ہمت نہیں ہاری اور اضافی وقت کے آخری لمحوں میں اس نے ایک اور گول کر دیا، جس سے اس کے کھلاڑی اور شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔ تاہم ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) نے جائزہ لینے کے بعد گول کو آف سائیڈ قرار دے دیا۔ اس فیصلے کے بعد کروشیا کے شائقین شدید مشتعل ہو گئے اور انہوں نے میدان کی جانب مختلف اشیا پھینکیں، جس سے کچھ دیر کے لیے ماحول کشیدہ ہو گیا۔

    میچ کے بعد گونزالو راموس نے کہا کہ ناک آؤٹ مقابلوں میں کھیلنے کا اپنا ہی لطف ہوتا ہے اور وہ ایسے بڑے مواقع پر اپنی ٹیم کے لیے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب کروشیا کے کوچ زلاتکو دالیچ نے کہا کہ آخری لمحوں میں اس طرح شکست کھانا تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے ریفری کے بعض فیصلوں پر بھی تنقید کی، لیکن ساتھ ہی یہ اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم پہلے ہاف میں اپنی بہترین کارکردگی پیش نہیں کر سکی۔

    یہ مقابلہ جذباتی بھی تھا کیونکہ پرتگال کی ٹیم اپنے مرحوم ساتھی ڈیوگو جوٹا کی پہلی برسی سے ایک دن قبل میدان میں اتری تھی۔ قومی ترانے کے بعد اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین پر جوٹا کی تصویر دکھائی گئی، جبکہ 21ویں منٹ میں شائقین نے کھڑے ہو کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ فتح کے بعد رونالڈو نے جوٹا کی نمبر 21 والی شرٹ پہن کر ان کی یاد تازہ کی اور کہا کہ یہ کامیابی پرتگال اور ڈیوگو جوٹا دونوں کے نام ہے۔

    میچ کے اختتام پر رونالڈو اور کروشیا کے تجربہ کار کپتان لوکا موڈرچ نے ایک دوسرے سے گرمجوشی سے ملاقات کی۔ دونوں کئی برس تک ایک ہی کلب میں ساتھ کھیل چکے ہیں۔ رونالڈو نے موڈرچ کو فٹبال کی عظیم شخصیات میں شمار کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    اس کامیابی کے بعد پرتگال اب پری کوارٹر فائنل میں اسپین کے خلاف میدان میں اترے گا۔ دونوں یورپی طاقتوں کے درمیان یہ مقابلہ ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے اور دلچسپ میچوں میں شمار کیا جا رہا ہے، جبکہ اس میچ کی فاتح ٹیم کوارٹر فائنل میں امریکہ یا بیلجیئم میں سے کسی ایک کا سامنا کرے گی۔

  • آسٹریلیا، فرانس کے بعد پرتگال نے بھی 16 سال سے کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک آزادانہ رسائی پر پابندی لگادی

    آسٹریلیا، فرانس کے بعد پرتگال نے بھی 16 سال سے کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک آزادانہ رسائی پر پابندی لگادی

    یورپ کے جنوب مغرب میں واقع ملک پرتگال نے بھی بچوں کے آن لائن تحفظ سے متعلق سخت قدم اٹھاتے ہوئے سولہ سال سے کم عمر افراد کے لیے سوشل میڈیا اور مختلف آن لائن پلیٹ فارمز تک آزادانہ رسائی محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بحرِ اوقیانوس کے ساحل پر واقع یہ ملک یورپی یونین کا رکن ہے اور حالیہ برسوں میں ڈیجیٹل پالیسی اور ڈیٹا تحفظ کے قوانین کو مزید مضبوط بنانے کی سمت اقدامات کرتا رہا ہے۔

    پرتگال کی پارلیمنٹ نے سولہ سال تک کے بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے کا بل منظور کرلیا ہے، جس کے تحت کمسن افراد کی سوشل نیٹ ورکس تک آزادانہ رسائی ختم کی جا رہی ہے۔ اس قانون کا مقصد بچوں کو آن لائن خطرات، نامناسب مواد اور ڈیجیٹل استحصال سے بچانا بتایا جا رہا ہے، جبکہ پلیٹ فارمز کو عمر کی تصدیق کے مؤثر نظام نافذ کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔

    حکمران جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے پیش کیے گئے بل کی اپوزیشن جماعتوں نے بھی حمایت کی ہے۔ بل کے مطابق کم عمر بچوں کیٹک ٹاک، انسٹاگرام اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز تک آزادانہ رسائی محدود کر دی جائے گی، جبکہ اکاؤنٹ بنانے یا استعمال کرنے کے لیے والدین یا قانونی سرپرست کی باقاعدہ اجازت لازمی قرار دی جائے گی۔

    موجودہ قانون کے تحت سوشل نیٹ ورکس تک رسائی کے لیے کم از کم عمر تیرہ سال مقرر ہے، تاہم نئے مجوزہ قانون میں اس حد کو مزید سخت کرتے ہوئے عمر کی شرط بڑھانے اور تصدیقی نظام کو مؤثر بنانے کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ کم عمر بچوں کو غیر مناسب مواد اور آن لائن خطرات سے بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

    بل میں کہا گیا ہے کہ سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز، ویڈیو شیئرنگ سروسز اور اوپن کمیونیکیشن سروسز تک خودمختار رسائی کے لیے کم از کم ڈیجیٹل عمر سولہ سال مقرر کی جا رہی ہے، جبکہ تیرہ سال یا اس سے زائد عمر کے بچے صرف واضح اور والدین کی تصدیق شدہ اجازت کے بعد ہی ان پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

    مجوزہ قانون کے مطابق والدین کی رضامندی نہ صرف لازمی ہوگی بلکہ اس کی باقاعدہ تصدیق بھی کی جائے گی، تاکہ کم عمر صارفین کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام بچوں کو آن لائن خطرات، سائبر بدسلوکی اور نامناسب مواد سے محفوظ رکھنے کی وسیع حکومتی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو بھی عمر کی مؤثر جانچ کے نظام نافذ کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔

    پارلیمانی حمایت اور مؤقف

    اپوزیشن جماعت سوشلسٹ پارٹی نے اس معاملے پر قانون سازی کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ متعدد اسٹڈیزسوشل  میڈیا کے نوجوانوں پر منفی اثرات کی نشاندہی کرتی ہیں۔ ان کے مطابق کئی ممالک پہلے ہی نوجوانوں کے تحفظ کے لیے اسی نوعیت کی قانون سازی کر رہے ہیں۔

    تکنیکی خدشات اور مباحث

    اگرچہ سوشلسٹ پارٹی عمومی طور پر اس تجویز سے متفق ہے، تاہم اس نے چند تکنیکی نکات پر مزید غور کی ضرورت پر زور دیا ہے، جن میں 13 سے 16 سال کی عمر میں والدین کی اجازت کے طریقہ کار، عمر کی تصدیق کے نظام، اور ریگولیٹر کو پلیٹ فارمز تک رسائی روکنے کے اختیارات دینے جیسے معاملات شامل ہیں۔

    بل کے مطابق صارفین کو سوشل نیٹ ورکس تک رسائی کے لیے اپنی عمر کی تصدیق "ڈیجیٹل موبائل کی” سسٹم کے ذریعے کرنا ہوگی۔

    تعلیمی اقدامات

    واضح رہے کہ پرتگال میں ستمبر 2025 سے چھٹی جماعت تک کے طلبا کے اسکول میں اسمارٹ فون لانے پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے، جس کا مقصد تعلیمی ماحول کو بہتر بنانا اور طلبہ کی توجہ تعلیم پر برقرار رکھنا بتایا گیا ہے۔

    یہ قانون نوجوانوں کو آن لائن نقصانات سے بچانے کی ایک بڑی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس کے عملی اطلاق، عمر کی مؤثر تصدیق کے نظام، رازداری کے تحفظ اور تکنیکی نفاذ کے حوالے سے عوامی اور قانونی سطح پر بحث جاری ہے۔

    پابندی لگانے والے ممالک کی پیروی

    کئی یورپی اور دیگر ممالک میں کمسن بچوں کے لئے سوشل میڈیا تک رسائی کو محدود کیا جارہا ہے اس حوالے سے کچھ ممالک نے پابندیاں عائد کی ہیں کئی ممالک قانون سازی پر غور کررہے ہیں۔

    آسٹریلیا وہ پہلا ملک تھا سال سے سولہ سال سے کم عمر بچوں کے لیے 10 دسمبر 2025 کوسوشل میڈیا تک رسائی پر مکمل پابندی عائد کی تھی۔

    اس پابندی کے تحت فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک، اسنیپ چیٹ یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز پر 16 سال سے کم عمر کے صارفین کے اکاؤنٹس کو روکا یا ختم کیا گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق  آسٹریلیا کے بعد اسپین یورپ کا پہلا ملک تھا جس نے سولہ سال کی عمرکے بچوں تک سوشل میڈیا کی آزادانہ رسائی کو محدود بنانے کا اعلان کیا تھا۔

    ہسپانوی حکومت کہتی ہے کہ اس پابندی کا مقصد بچوں کو آن لائن نقصان دہ مواد اور غلط اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔

    اسی طرح کی پابندیاں فرانس بھی عائد کرچکا ہے جبکہ برطانیہ، ڈنمارک اور ناروے جسے ممالک میں بھی کمسن بچوں تک سوشل میڈیا کی رسائی کو محدود کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔

  • پرتگال کے سنترہ کی پہاڑیوں پر واقع پینا نیشنل پیلس، خیال، رنگ اور رومانوی فنِ تعمیر کی علامت

    پرتگال کے سنترہ کی پہاڑیوں پر واقع پینا نیشنل پیلس، خیال، رنگ اور رومانوی فنِ تعمیر کی علامت

    پرتگال کے شہر سنترہ کی پہاڑیوں پر واقع پینا نیشنل پیلس ایک ایسا محل ہے جو دیکھنے والے کو چونکاتا بھی ہے اور سوچنے پر بھی مجبور کرتا ہے۔ یہ محل سطح سمندر سے بلند، بادلوں کے قریب اور گھنے جنگل کے درمیان قائم ہے، جہاں فطرت اور فنِ تعمیر ایک دوسرے میں گھلتے نظر آتے ہیں۔

    پینا نیشنل پیلس کی تاریخ ایک شاہی محل سے پہلے شروع ہوتی ہے۔ سولہویں صدی میں یہاں ایک مذہبی خانقاہ قائم کی گئی تھی، جو عبادت کے لیے مخصوص تھی، اقتدار کے لیے نہیں۔ سنہ 1755 میں لزبن میں آنے والے تباہ کن زلزلے نے اس خانقاہ کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے بعد یہ مقام وقت کے ساتھ ویران ہوتا چلا گیا۔

    انیسویں صدی میں سنہ 1839 کے دوران پرتگال کے شہزادے فرڈینینڈ دوم یہاں پہنچے۔ انہوں نے ان کھنڈرات کو ایک نئے تصور کے تحت دوبارہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ ایک روایتی شاہی محل بنانے کا نہیں تھا بلکہ ایک ایسے محل کا تھا جو خواب، تصور اور فنکارانہ آزادی کی نمائندگی کرے۔

    پینا نیشنل پیلس انیسویں صدی کے رومانوی فنِ تعمیر کی ایک نمایاں مثال ہے۔ یہاں کوئی ایک طرزِ تعمیر غالب نہیں۔ گوتھک، مانیولین، مورش اور نشاۃ ثانیہ کے انداز ایک ہی عمارت میں ساتھ ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔ محل کو جان بوجھ کر غیر متوازن شکل دی گئی تاکہ دیکھنے والا ہر زاویے سے ایک نیا منظر دیکھے اور حیرت میں مبتلا ہو۔

    محل کے شوخ رنگ ابتدا میں اس قدر نمایاں نہیں تھے۔ بعد ازاں بحالی کے عمل کے دوران لال اور پیلے رنگ کو نمایاں کیا گیا تاکہ محل اردگرد کے سبز جنگل سے الگ اور دور سے پہچانا جا سکے۔ یہی رنگ آج اس محل کی پہچان بن چکے ہیں۔

    پینا نیشنل پیلس کے گرد و نواح میں پینا پارک واقع ہے، جہاں دنیا کے مختلف خطوں سے درخت اور پودے لا کر لگائے گئے۔ یہ پارک ایک تجربہ تھا، جس کا مقصد قدرت کو فنِ تعمیر کے ساتھ جوڑنا تھا۔ یہاں چلتے ہوئے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے محل اور جنگل ایک ہی کہانی کا حصہ ہوں۔

    سنہ 1910 میں پرتگال میں بادشاہت کے خاتمے کے بعد پینا نیشنل پیلس ریاست کی ملکیت بن گیا۔ بعد ازاں اسے قومی یادگار قرار دیا گیا اور آج یہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔

    پینا نیشنل پیلس طاقت یا شاہانہ جاہ و جلال کی علامت نہیں۔ یہ ایک تصور، ایک خیال اور اپنے وقت سے آگے سوچنے کی مثال ہے۔ یہ محل دیکھنے سے زیادہ سمجھنے کی جگہ ہے، جہاں ہر رنگ، ہر دیوار اور ہر زاویہ ایک الگ کہانی سناتا ہے۔