Tag: امریکا

  • پاکستان نے زرِ مبادلہ کے ذخائر مضبوط بنانے کے لیے امریکا سے 10 ارب ڈالر کی معاونت طلب کر لی

    پاکستان نے زرِ مبادلہ کے ذخائر مضبوط بنانے کے لیے امریکا سے 10 ارب ڈالر کی معاونت طلب کر لی

    پاکستان نے اپنے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، روپے پر دباؤ کم کرنے اور عالمی مالیاتی اداروں پر انحصار کم کرنے کے لیے امریکا سے 10 ارب ڈالر کی خصوصی مالی معاونت کی درخواست کی ہے۔

    اس پیش رفت سے آگاہ ایک ذریعے نے خبررساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ اگر یہ درخواست منظور ہو جاتی ہے تو یہ پاکستان کی مشکلات کا شکار معیشت کے لیے ایک اہم سہارا ثابت ہو سکتی ہے۔

    رائٹرز کے مطابق پاکستان نے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو بھیجی گئی درخواست میں دونوں ممالک کے درمیان پانچ سال تک کی مدت پر مشتمل دو طرفہ زرِ مبادلہ استحکام معاونتی سہولت قائم کرنے کی تجویز دی ہے، جس کی مالیت 10 ارب ڈالر ہوگی۔ اس سہولت کا مقصد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، روپے کی قدر پر دباؤ میں کمی اور بیرونی مالیاتی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

    ذرائع کے مطابق یہ درخواست ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان نے ایران جنگ کے حوالے سے سفارتی رابطوں اور مذاکرات میں کردار ادا کیا، جس کے بعد اسلام آباد کی سفارتی اہمیت میں اضافہ ہوا۔ اس پیش رفت کے بعد پاکستان کو امید ہے کہ وہ امریکا اور دیگر شراکت دار ممالک کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکے گا۔

    رپورٹ کے مطابق اگر یہ سہولت منظور ہو جاتی ہے تو پاکستان کو نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں مدد ملے گی بلکہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور دیگر کثیر الجہتی قرض دہندگان پر انحصار بھی کسی حد تک کم ہو سکے گا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پاکستان آئی ایم ایف کے پروگرام کے تحت سخت مالیاتی اور مالی نظم و ضبط کی پالیسیوں پر عمل کر رہا ہے۔

    امریکی وزارت خزانہ نے اس درخواست پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی وزارت خزانہ نے بھی رائٹرز کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

    تاہم پاکستان کی وزارت خزانہ نے ایک الگ بیان میں بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ سے ملاقات کی۔ بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے خطے کی جغرافیائی اور سیاسی صورتحال کے باعث پاکستانی معیشت کو درپیش خطرات پر بات کی اور امریکا سے پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں تک بہتر رسائی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور ملک کی مالی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے تعاون کی درخواست کی۔ وزارت خزانہ کے بیان میں 10 ارب ڈالر کی مجوزہ سہولت کا ذکر نہیں کیا گیا۔

    بیان کے مطابق دونوں ممالک نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے، امریکی سرمایہ کاری میں اضافے اور مشترکہ معاشی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے سات ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت اصلاحات پر عمل کر رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت حکومت کو ٹیکسوں میں اضافہ، سرکاری اخراجات میں کمی اور مختلف معاشی اصلاحات کرنا پڑی ہیں، جنہیں سیاسی طور پر مشکل فیصلے تصور کیا جاتا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس نوعیت کی زرِ مبادلہ استحکام سہولتیں بہت کم ممالک کو دی جاتی ہیں۔ یہ سہولتیں عموماً امریکی ایکسچینج اسٹیبلائزیشن فنڈ کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں اور ان کے تحت ڈالر، کرنسی تبادلے یا مالی ضمانتیں دی جاتی ہیں تاکہ کسی ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دیا جا سکے اور اس کی کرنسی کو استحکام حاصل ہو۔ یہ امریکی فیڈرل ریزرو کی مستقل کرنسی تبادلہ سہولتوں سے مختلف ہوتی ہیں۔

    رپورٹ میں یاد دلایا گیا ہے کہ پاکستان 2023 میں قرضوں کی ادائیگی میں ممکنہ ڈیفالٹ سے بال بال بچا تھا، جب اسے آئی ایم ایف سے تین ارب ڈالر کا ہنگامی پروگرام ملا۔ بعد ازاں ملک نے سات ارب ڈالر کا توسیعی قرض پروگرام حاصل کیا، جبکہ موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے 1.3 ارب ڈالر کی اضافی مالی معاونت بھی ملی۔ اس کے باوجود پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اب بھی سرکاری قرضوں، رول اوور انتظامات اور چین و سعودی عرب جیسے دوست ممالک کی مالی معاونت پر کافی حد تک انحصار کرتے ہیں۔

    مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا پاکستان کی درخواست منظور کرتا ہے تو اس کے دو اہم اثرات ہوں گے۔ ایک طرف پاکستان کو فوری مالی سہارا ملے گا اور دوسری طرف عالمی سرمایہ کاروں کو یہ مثبت اشارہ جائے گا کہ امریکا پاکستان کی معیشت پر اعتماد رکھتا ہے۔

    اس سے روپے پر دباؤ کم ہونے، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے اور قرض لینے کی لاگت میں کمی کی امید پیدا ہو سکتی ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان حالیہ برسوں میں امریکا کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات کو نئی شکل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کرپٹو کرنسی، معدنیات، جائیداد اور دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی کام جاری ہے، جبکہ ریکوڈک منصوبے سمیت بعض شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری بڑھانے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔

  • امریکا اور پرتگال کی فیفا ورلڈ کپ سے رخصتی، کوارٹر فائنل ٹکٹوں کی قیمتیں آدھے سے بھی کم ہوگئیں

    امریکا اور پرتگال کی فیفا ورلڈ کپ سے رخصتی، کوارٹر فائنل ٹکٹوں کی قیمتیں آدھے سے بھی کم ہوگئیں

    فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل مرحلے سے پہلے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اچانک بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ امریکا اور پرتگال کی ٹیموں کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد شائقین کی دلچسپی میں کمی آئی، جس کے نتیجے میں کئی اہم مقابلوں کے ٹکٹ ثانوی مارکیٹ میں تقریباً 60 فیصد تک سستے ہو گئے ہیں۔

    فوربس کی ایک رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ کمی اسپین اور بیلجیئم کے درمیان کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل کے ٹکٹوں میں دیکھی گئی۔ اس مقابلے کے کم ترین درجے کے ٹکٹ، جو چند روز پہلے تقریباً 2 ہزار 950 ڈالر میں فروخت ہو رہے تھے، اب تقریباً ایک ہزار 200 ڈالر تک آ گئے ہیں۔ اس طرح صرف چند دنوں میں ان کی قیمت میں نصف سے بھی زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ٹکٹوں کی قیمتوں پر نظر رکھنے والی مختلف کمپنیوں کے مطابق صرف ایک میچ ہی نہیں بلکہ تمام کوارٹر فائنل مقابلوں کے اوسط ٹکٹوں کی قیمتیں بھی تیزی سے نیچے آئی ہیں۔ بعض اندازوں کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں اوسط قیمتوں میں 50 فیصد سے زیادہ کمی ہوئی، جبکہ صرف ایک دن کے دوران بھی نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔

    فوربس کے اسٹاف رپورٹر انتونیو پیکینو-IV کا کہنا ہے کہ اس کمی کی سب سے بڑی وجہ امریکا اور پرتگال کی غیر متوقع شکستیں ہیں۔ امریکا میزبان ممالک میں شامل ہونے کی وجہ سے مقامی شائقین کی بڑی تعداد اس کی کامیابی کی امید لگائے بیٹھی تھی، جبکہ پرتگال کی ٹیم کے ساتھ عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو بھی ٹورنامنٹ کا حصہ تھے۔ دونوں ٹیموں کی رخصتی کے بعد بہت سے شائقین نے ٹکٹ خریدنے میں دلچسپی کم کر دی، جس کا براہ راست اثر قیمتوں پر پڑا۔

    فوربس مے مطابق اگر امریکا اور پرتگال کی ٹیمیں آگے بڑھتیں اور ایک دوسرے کے مدمقابل آتیں تو اس مقابلے کو ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میچوں میں شمار کیا جاتا۔ ایسے میچ کے لیے ٹکٹوں کی طلب بہت زیادہ ہوتی، لیکن دونوں ٹیموں کی جلد رخصتی نے یہ امکان ختم کر دیا۔

    رپورٹ کے مطابق فرانس اور مراکش کے درمیان ہونے والا کوارٹر فائنل اس مرحلے کا نسبتاً کم قیمت والا مقابلہ بن گیا ہے۔ اس میچ کے ابتدائی ٹکٹ تقریباً 989 سے ایک ہزار 100 ڈالر کے درمیان دستیاب ہیں، جبکہ دیگر بڑے مقابلوں کے مقابلے میں ان کی قیمت نسبتاً کم دیکھی جا رہی ہے۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے 2026 کے ٹورنامنٹ کے ٹکٹوں کو تاریخ کے مہنگے ترین ورلڈ کپ ٹکٹوں میں شمار کیا جا رہا تھا۔ کئی شائقین نے فیفا کی متغیر قیمتوں کی پالیسی پر بھی تنقید کی تھی، کیونکہ مختلف میچوں کے ٹکٹوں کی قیمت طلب کے مطابق مسلسل اوپر نیچے ہوتی رہی۔

    اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ کھیلوں کی دنیا میں بڑے نام اور مقبول ٹیمیں کسی بھی ایونٹ کی تجارتی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ جب ایسی ٹیمیں جلد ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں تو نہ صرف ٹکٹوں کی فروخت متاثر ہوتی ہے بلکہ ہوٹلوں، سفری خدمات اور دیگر کاروباری سرگرمیوں پر بھی اثر پڑتا ہے۔ اسی لیے امریکا اور پرتگال کی شکست کے بعد ٹکٹوں کی مارکیٹ میں فوری ردعمل سامنے آیا۔

    دوسری جانب بعض شائقین نے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے انتہائی مہنگے ٹکٹوں کی وجہ سے عام فٹبال مداحوں کے لیے میچ دیکھنا مشکل ہو گیا تھا، لیکن اب قیمتیں کم ہونے سے زیادہ لوگ اس عالمی ایونٹ کے کوارٹر فائنل مقابلے میدان میں بیٹھ کر دیکھ سکیں گے۔

    ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر سیمی فائنل اور فائنل میں عالمی شہرت یافتی ٹیمیں اور بڑے کھلاڑی پہنچتے ہیں تو ٹکٹوں کی قیمتیں دوبارہ بڑھ سکتی ہیں۔ اس لیے موجودہ کمی کو عارضی رجحان قرار دیا جا رہا ہے، جو ٹورنامنٹ کی بدلتی صورت حال اور شائقین کی طلب کے مطابق تبدیل ہو سکتا ہے۔

    فیفا ورلڈ کپ 2026 اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ اس کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ 48 ٹیمیں شریک ہوئیں، جس کے باعث میچوں کی تعداد بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اگرچہ ایونٹ مجموعی طور پر شاندار انداز میں جاری ہے، لیکن کوارٹر فائنل سے پہلے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اچانک آنے والی یہ کمی کھیلوں کی دنیا میں غیر معمولی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

  • امریکا نے بوسنیا کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے آخری 16 مرحلے میں جگہ بنا لی

    امریکا نے بوسنیا کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے آخری 16 مرحلے میں جگہ بنا لی

    مشترکہ میزبان امریکا نے شاندار اور جرات مندانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بوسنیا کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آخری 16 مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔ یہ ناک آؤٹ مرحلے میں امریکا کی گزشتہ 24 برسوں کے دوران پہلی کامیابی ہے، جس کے بعد میزبان ٹیم کے عالمی کپ میں مزید آگے بڑھنے کی امیدیں بھی روشن ہو گئی ہیں۔ (

    سان فرانسسکو بے ایریا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں امریکا نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جبکہ ریفری کو متعدد مواقع پر ویڈیو معاون نظام (وی اے آر) سے بھی مدد لینا پڑی۔ امریکی کھلاڑی فولارین بالوگن اور کرسچین پولیسک کے ایک ایک گول آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیے گئے، تاہم امریکی ٹیم نے دباؤ برقرار رکھا۔

    میچ کے پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں فولارین بالوگن نے شاندار انداز میں گیند جال میں پہنچا کر امریکا کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔ یہ گول امریکی شائقین کے لیے خوشی کا باعث بنا اور ٹیم پہلے ہاف کا اختتام برتری کے ساتھ کرنے میں کامیاب رہی۔

    دوسرے ہاف میں میچ نے ڈرامائی رخ اختیار کیا جب وی اے آر جائزے کے بعد فولارین بالوگن کو بوسنیا کے مدافع طارق محرمووچ کے خلاف فاؤل پر سرخ کارڈ دکھا دیا گیا۔ اس فیصلے کے بعد امریکا کو تقریباً آدھا گھنٹہ صرف دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا، لیکن اس کے باوجود ٹیم نے نظم و ضبط اور مضبوط دفاع کا مظاہرہ کیا۔  

    ایک کھلاڑی کم ہونے کے باوجود امریکی دفاع نے بوسنیا کو گول کرنے کا کوئی واضح موقع نہیں دیا۔ بوسنیا نے برابری کے لیے کئی حملے کیے، مگر امریکی دفاع اور گول کیپر نے ہر کوشش ناکام بنا دی۔ میچ کے 82ویں منٹ میں مالک ٹل مین نے ایک خوبصورت فری کک پر گول کر کے اسکور دو صفر کر دیا اور امریکی فتح یقینی بنا دی۔

    میچ کے بعد امریکی کپتان کرسچین پولیسک نے کہا کہ ٹیم نے غیر معمولی اتحاد اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق ایک کھلاڑی کم ہونے کے باوجود تمام کھلاڑی ایک دوسرے کے لیے لڑتے رہے اور یہی کامیابی کی اصل وجہ بنی۔ دوسری جانب مالک ٹل مین نے کہا کہ ان کا فری کک پر کیا گیا گول مسلسل مشق کا نتیجہ تھا۔

    امریکی کوچ موریسیو پوچیٹینو نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے مشکل حالات میں بھی ہمت نہیں ہاری۔ تاہم انہوں نے فولارین بالوگن کو دکھائے گئے سرخ کارڈ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں یہ فیصلہ سخت تھا کیونکہ فاؤل غیر ارادی تھا۔

    اس کامیابی کے ساتھ امریکا نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے جہاں اس کا مقابلہ بیلجیم سے ہوگا، جس نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں سینیگال کو تین کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔ تاہم امریکا کو اس اہم میچ میں فولارین بالوگن کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی کیونکہ وہ سرخ کارڈ کے باعث معطل ہو چکے ہیں۔

  • جنرل عاصم منیر کا ایرانی اور امریکی وفود کا فوجی وردی اور سول فل سوٹ میں استقبال

    جنرل عاصم منیر کا ایرانی اور امریکی وفود کا فوجی وردی اور سول فل سوٹ میں استقبال

    پاکستان اس وقت سفارتی لحاظ سے عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ دنیا کے سفارتی اور میڈیا حلقے پاکستان پر نظر رکھے ہوئے ہیں کیونکہ پاکستان خطے میں ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ جنگ بندی اور رابطے کا کردار ادا کر رہا ہے۔

    ایران اور امریکہ کے اعلی سطحی وفود مذاکرات کے لیے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، اور دونوں کے درمیان ایک مشترکہ ملاقات بھی ہو چکی ہے۔ ان مذاکرات کے حتمی نتائج کیا ہوں گے، یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا، مگر یہاں ہم ایک اہم پہلو پر غور کرتے ہیں۔

    جب ایرانی وفد، جس کی قیادت محمد باقر قالیباف اور عباس عراقچی کر رہے تھے، نور خان ایئر بیس پہنچا تو پاکستانی اعلی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر عاصم منیر نے فوجی وردی میں استقبال کیا۔

    جبکہ دوسری طرف امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں آنے والے وفد کا استقبال عاصم منیر نے سول ڈریس یعنی تھری پیس فل سوٹ میں کیا۔

    لباس کی اس تبدیلی کو ‘ڈریس کوڈ’ کہا جاتا ہے۔

    ڈریس کوڈ کی اہمیت

    کسی آرمی چیف کا مختلف مواقع پر مختلف لباس پہننا محض ذاتی پسند نہیں ہوتا، بلکہ یہ بین الاقوامی پروٹوکول، سفارتی آداب اور تقریب کی نوعیت کے مطابق ہوتا ہے۔

    تقریب کی نوعیت

    لباس کا انتخاب اس بات پر منحصر ہوتا ہے کہ وفد کس مقصد سے آیا ہے: اگر وفد دفاعی تعاون، مشترکہ مشقوں یا سیکیورٹی مذاکرات کے لیے ہو تو فوجی وردی پہنی جاتی ہے۔اگر وفد مکمل طور پر سویلین یا سفارتی نوعیت کا ہو (جیسے صدر یا وزیر اعظم)، تو سول سوٹ پہنا جاتا ہے۔

    مقام اور پروٹوکول

    اگر تقریب جی ایچ کیو، گیریژن یا پریڈ گراؤنڈ میں ہو تو فوجی وردی لازمی ہوتی ہے۔اگر تقریب ایوان صدر، وزیر اعظم ہاؤس یا کسی ہوٹل میں ہو تو سول سوٹ یا بلیک ٹائی ڈریس کوڈ ہوتا ہے۔

    علامتی پیغام

    فوجی وردی: طاقت، نظم و ضبط اور ریاستی دفاع کی نمائندگی کرتی ہے۔

    سول سوٹ: نرم طاقت (Soft Power) اور سفارتکاری کی علامت ہے، جو لچک اور مذاکرات کی فضا کو ظاہر کرتا ہے۔

    عالمی رواج

    دنیا کے کئی ممالک جیسے امریکہ، برطانیہ اور ترکی میں یہ عام روایت ہے کہ فوجی حکام سویلین تقریبات میں سول لباس پہنتے ہیں تاکہ یہ ظاہر ہو کہ فوج سویلین بالادستی اور سفارتی عمل کا حصہ ہے۔

    اگر آرمی چیف ایک وفد کا استقبال وردی میں اور دوسرے کا سوٹ میں کرتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ: پہلا وفد عسکری نوعیت کا تھا، اس لیے فوجی روایت کے مطابق وردی پہنی گئی۔ دوسرا وفد سفارتی یا سویلین نوعیت کا تھا، اس لیے سول سوٹ کا انتخاب کیا گیا۔

    یہ ڈریس کوڈ ایک فوجی سربراہ کی ہمہ جہتی شخصیت (Versatility) کو ظاہر کرتا ہے وہ نہ صرف میدان جنگ کا کمانڈر ہوتا ہے بلکہ ایک اہم سفارتکار بھی ہوتا ہے۔

    ایسی ملاقاتوں میں لباس، رنگ، کوٹ، ٹائی، جوتے حتیٰ کہ موزوں تک کا انتخاب بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔

  • ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کا نیا منصوبہ

    ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کا نیا منصوبہ

    بین الاقوامی نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے درمیان ایران اور امریکا کو ایک ایسا منصوبہ پیش کیا گیا ہے جس کا مقصد فوری جنگ بندی اور تنازع کا مستقل حل تلاش کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کی جانب سے تیار کیا گیا ہے اور دونوں ممالک کو بھیجا گیا ہے۔

    یہ منصوبہ ایک دو مرحلوں پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں فوری جنگ بندی (سیز فائر) کا معاہدہ کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایک مکمل اور حتمی امن معاہدہ طے کیا جائے گا۔

    پاکستان کا اہم کردار


    ذرائع کے مطابق پاکستان اس معاملے میں ایک اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان کی فوجی قیادت اور دیگر حکام امریکا اور ایران کے درمیان رابطے میں ہیں تاکہ اس منصوبے کو کامیاب بنایا جا سکے۔

    اس تجویز کے تحت جنگ بندی فوری طور پر نافذ ہو جائے گی اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دیا جائے گا، جبکہ 15 سے 20 دن کے اندر ایک وسیع معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس معاہدے کو عارضی طور پر "اسلام آباد معاہدہ” کا نام دیا گیا ہے، جس میں آبنائے ہرمز کے لیے علاقائی سطح کا ایک نظام شامل ہوگا، اور آخری بالمشافہ مذاکرات اسلام آباد میں ہوں گے۔

    تمام نکات پر آج ہی اتفاق ہونا ضروری ہے، ذرائع نے کہا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی معاہدہ ایک "یادداشتِ مفاہمت” (میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ) کی صورت میں ہوگا، جسے پاکستان کے ذریعے الیکٹرانک طریقے سے حتمی شکل دی جائے گی، کیونکہ مذاکرات میں پاکستان ہی واحد رابطے کا ذریعہ ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس (Axios ) نے اتوار کو سب سے پہلے خبر دی کہ امریکا، ایران اور علاقائی ثالث ایک ممکنہ 45 دن کی جنگ بندی پر بات چیت کر رہے ہیں۔ یہ جنگ بندی ایک دو مرحلوں پر مشتمل معاہدے کا حصہ ہو سکتی ہے، جو بالآخر جنگ کے مستقل خاتمے کا باعث بن سکتی ہے۔ یہ بات امریکی، اسرائیلی اور علاقائی ذرائع کے حوالے سے بتائی گئی ہے۔اس منصوبے میں کئی اہم نکات شامل ہیں، جن میں ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی، منجمد اثاثوں کی واپسی، اور ایران کی جانب سے ایٹمی ہتھیار نہ بنانے کی یقین دہانی شامل ہے۔

    بدلے میں ایران کو سلامتی کی ضمانتیں دی جا سکتی ہیں اور خطے میں مستقل امن کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

    تاحال حتمی منظوری نہیں


    امریکا اور ایران کے حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

    ایرانی حکام اس سے پہلے رائٹرز کو بتا چکے ہیں کہ تہران ایک مستقل جنگ بندی چاہتا ہے، جس کے ساتھ یہ ضمانت بھی ہو کہ امریکا اور اسرائیل دوبارہ حملہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کو پاکستان، ترکی اور مصر سمیت ثالث ممالک کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
    ذرائع کے مطابق حتمی معاہدے میں ایران کی جانب سے ایٹمی ہتھیار نہ بنانے کی یقین دہانی شامل ہوگی، جبکہ اس کے بدلے میں پابندیوں میں نرمی اور منجمد اثاثوں کی واپسی کی توقع ہے۔

    اگرچہ سفارتی کوششیں تیز ہو چکی ہیں، تاہم ایران نے ابھی تک اس منصوبے کو باضابطہ طور پر قبول نہیں کیا ہے۔ مختلف ممالک، جن میں چین اور دیگر علاقائی طاقتیں شامل ہیں، بھی اس عمل میں کردار ادا کر رہی ہیں۔

    دو پاکستانی ذرائع نے بتایا کہ شہری اور فوجی سطح پر رابطوں میں تیزی کے باوجود ایران نے تاحال کسی حتمی اتفاق کا اظہار نہیں کیا۔
    ایک ذریعے نے کہا، ‘ایران نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا’، اور مزید بتایا کہ پاکستان، چین اور امریکا کی حمایت سے پیش کی گئی عارضی جنگ بندی کی تجاویز پر اب تک کوئی رضامندی سامنے نہیں آئی۔

    چینی حکام کی جانب سے بھی تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

    یہ تازہ سفارتی کوشش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث آبنائے ہرمز کے ذریعے جہاز رانی متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ یہ راستہ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم ہے۔
    دوسری جانب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد کوئی حل نہ نکلا تو سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

    ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو متاثر کر رہا ہے۔ آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور معیشت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

    اس جنگ میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور مختلف ممالک میں حالات کشیدہ ہیں۔

    موجودہ صورتحال میں یہ امن منصوبہ ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔ اگر ایران اور امریکا اس پر متفق ہو جاتے ہیں تو نہ صرف جنگ بندی ممکن ہو سکتی ہے بلکہ خطے میں طویل مدتی امن کی بنیاد بھی رکھی جا سکتی ہے۔ تاہم اس کے لیے دونوں ممالک کی رضامندی اور سنجیدہ مذاکرات نہایت ضروری ہیں۔