تھرپارکر سے تعلق رکھنے والے دو ہندو نوجوان سماجی کارکنوں بھویش کمار اور جینت کمار نے روس میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کرکے ملکی ثقافت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
فیسٹیول میں دنیا کے 191 ممالک سے نوجوان مندوبین نے شرکت کی، جہاں پاکستانی وفد میں شامل دونوں سماجی کارکنوں نے سندھ اور پاکستان کی ثقافت اور نوجوانوں کی نمائندگی کی۔
بین الاقوامی یوتھ فیسٹیول 2026 روس میں منعقد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، سماجی کارکنوں، ماہرین اور نوجوان رہنماؤں نے شرکت کی۔
فیسٹیول کا مقصد مختلف ملکوں کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا، ثقافتی رابطوں کو فروغ دینا اور عالمی سطح پر نوجوانوں کے درمیان تعاون کے مواقع پیدا کرنا تھا۔
تھرپارکر کے بھویش کمار اور جینت کمار نے فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نہ صرف ملک کے نوجوانوں کا مؤقف پیش کیا بلکہ سندھ کی منفرد ثقافت کو بھی اجاگر کیا۔
دونوں نوجوان سماجی کارکنوں نے مختلف ممالک سے آئے ہوئے مندوبین کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور پاکستان خصوصاً سندھ کے سماجی اور ثقافتی رنگ کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔
فیسٹیول کے دوران پاکستانی مندوبین کی اہم روسی شخصیات سے بھی ملاقات ہوئی۔ بھویش کمار اور جینت کمار نے روسی فیڈریشن کے سابق وزیر اعظم اور صدارتی انتظامیہ کے نائب سربراہ سرگئی کیری ینکو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں پاکستانی نوجوانوں نے انہیں سندھ کی روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی۔

دونوں سماجی کارکنوں نے روس کی وفاقی ایجنسی برائے امور نوجوانان کے سربراہ گریگوری گوروف سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر بھی سندھ کی ثقافتی روایت کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی گئی۔ روسی حکام کی جانب سے سندھ کی ثقافت اور روایتی لباس میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
بھویش کمار اور جینت کمار کا تعلق تھرپارکر سے ہے، جو پاکستان کے ان علاقوں میں شامل ہے جہاں مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ صدیوں سے ایک ساتھ آباد ہیں۔ دونوں نوجوان سماجی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں اور نوجوانوں، اقلیتی برادریوں اور معاشرے کے مختلف طبقات کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے کام کرتے ہیں۔
ان نوجوانوں کی شرکت سے تھرپارکر کے نوجوانوں میں بھی یہ پیغام گیا ہے کہ محدود وسائل اور دور دراز علاقے سے تعلق رکھنے کے باوجود محنت، سماجی خدمت اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی جا سکتی ہے۔

