محکمہ ثقافت، سیاحت، نوادرات و لائبریریز سندھ کی جانب سے صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی موہن جو دڑو ٹرین سفاری کا آغاز کر دیا گیا۔
موہن جو دڑو ٹرین سفاری کا افتتاح صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کیا۔ صوبائی وزیر نے ٹرین کا معائنہ کیا اور سفر میں شریک سیاحوں سے ملاقات کی۔
صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ خود بھی شرکا کے ہمراہ ٹرین میں روانہ ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں تاریخی اور ثقافتی مقامات کو عوام کے قریب لانے کے لیے ٹرین سفاری ایک مؤثر ذریعہ ہے۔
محکمہ سیاحت کے مطابق ٹرین میں 100 سے زائد سیاح اور فیملیز شامل ہیں، جبکہ مختلف ٹور آپریٹرز نے بھی اس سفری پروگرام میں شرکت کی ہے۔
ٹرین سفاری کے پہلے روز شرکا کو سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کی زیارت کرائی جائے گی۔ بعد ازاں ٹرین سیہون سے لاڑکانہ روانہ ہوگی، جہاں قیام کے ساتھ شرکاء کے لیے خصوصی میوزیکل ایونٹ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
دوسرے روز ٹرین سفاری میں شریک سیاح یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل موہن جو دڑو کا دورہ کیا۔ محکمہ ثقافت کے مطابق اس سفری پروگرام کا مقصد نہ صرف سیاحت کو فروغ دینا ہے بلکہ سندھ کی قدیم تہذیب اور تاریخی ورثے سے نئی نسل کو روشناس کرانا بھی ہے۔
