[rank_math_breadcrumb]

اسکول اسپیسفک بجٹ سے حیدرآباد کی لطیف آباد تحصیل کے 26 گرلز پرائمری اسکولوں میں نمایاں تبدیلی

حیدرآباد کی تحصیل لطیف آباد نمبر دس میں ایک ہی چاردیواری کے اندر قائم دو گرلز پرائمری اسکولز اسکول اسپیسفک بجٹ کے بعد نئی شکل اختیار کرگئے ہیں۔

گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول لطیف آباد نمبر دس اور جی جی پی ایس مہران میں اسکول اسپیسفک بجٹ کے ذریعے عمارتوں کی تزئین و آرائش، بیرونی حصوں، کلاس رومز اور کاریڈورز میں رنگ و روغن کا کام مکمل کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے صوبے کے سرکاری اسکولوں کو بنیادی ضروریات اور مرمت کے کاموں کے لیے جاری کیے گئے اسکول اسپیسفک بجٹ کے تحت ان اسکولوں میں فرنیچر کی مرمت، واش رومز میں پانی کی فراہمی، خراب نلکوں کی تبدیلی، پرانے دروازوں اور کھڑکیوں کی مرمت و تبدیلی سمیت مختلف کام کیے جا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ کلاس رومز، دالانوں اور اسکول کی بیرونی دیواروں پر بھی رنگ و روغن کیا گیا ہے، جس سے اسکولوں کی مجموعی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول لطیف آباد نمبر دس کی ہیڈ مسٹریس رابیعہ کے مطابق اسکول کو پہلے پانی کی قلت کا سامنا تھا، تاہم اسکول اسپیسفک بجٹ سے مختلف مرمتی کاموں کے ساتھ بورنگ کراکے پانی کا بھی انتظام کرلیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کی تحصیل آفیسر فیمیل پرائمری اسکولز علینہ احمد کے مطابق لطیف آباد تحصیل کے 26 گرلز پرائمری اسکول اسکول اسپیسفک بجٹ کے ذریعے نمایاں طور پر تبدیل ہوئے ہیں۔

اسکول اسپیسفک بجٹ کا مقصد سرکاری اسکولوں کو ان کی بنیادی ضروریات کے مطابق مقامی سطح پر مرمت اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے وسائل فراہم کرنا ہے، تاکہ طلبہ کے لیے بہتر تعلیمی ماحول پیدا کیا جاسکے۔