Tag: توانائی

  • سولر پینل کی بہتر کارکردگی کے لیے صفائی کتنی ضروری؟ صفائی کے دوران کرنٹ سے کس طرح بچا جاسکتا ہے؟

    سولر پینل کی بہتر کارکردگی کے لیے صفائی کتنی ضروری؟ صفائی کے دوران کرنٹ سے کس طرح بچا جاسکتا ہے؟

    پاکستان میں توانائی کے بحران، بڑھتی ہوئی بجلی کی قیمتوں اور لوڈشیڈنگ کے طویل ادوار نے متبادل توانائی کے ذرائع کو عام آدمی کی ضرورت بنا دیا ہے۔ انہی حالات میں سولر پینل تیزی سے مقبول ہوئے ہیں۔ پاکستان میں سولر پینل کی مقبولیت کی بڑی وجہ بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ ہے۔

    نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ٹیرف میں وقتاً فوقتاً اضافے اور فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نے صارفین کے ماہانہ بلوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

    اس کے علاوہ کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ حکومت پاکستان نے نیٹ میٹرنگ پالیسی متعارف کروائی جس کے تحت صارفین اضافی بجلی قومی گرڈ کو فروخت کر سکتے ہیں۔

    اس سہولت نے متوسط طبقے کو سولر نظام لگانے کی طرف راغب کیا۔
    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے فنانسنگ اسکیمیں بھی متعارف کروائیں، جس سے گھریلو اور کمرشل سطح پر سولر سسٹمز کی تنصیب میں اضافہ ہوا۔

    انٹرنیشنل رینیوایبل انرجی ایجنسی کی 2023 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں شمسی توانائی کی صلاحیت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور درآمد شدہ سولر پینلز کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    بہتر کارکردگی کے لیے سول پینل کی صفائی کتتی ضروری ہے اور کب کی جائے؟

    سولر نظام کی مؤثر کارکردگی کے لیے ایک اہم پہلو جسے اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے وہ صفائی اور دیکھ بھال ہے۔ اگر سولر پینل کی باقاعدہ صفائی نہ کی جائے تو اس کی کارکردگی نمایاں طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔

    بین الاقوامی تحقیقی اداروں جیسے نیشنل رینیوایبل انرجی لیبارٹری، امریکہ اور انٹرنیشنل رینیوایبل انرجی ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق گرد و غبار، مٹی، پرندوں کی بیٹ اور صنعتی آلودگی سولر پینل کی سطح پر جمع ہو کر روشنی کے جذب ہونے میں رکاوٹ بنتی ہے، جس سے بجلی کی پیداوار میں عموماً پانچ سے 25 فیصد تک کمی آ سکتی ہے، جب کہ صحرائی یا زیادہ گرد آلود علاقوں میں یہ کمی 30 فیصد یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔

    پاکستان جیسے ملک میں جہاں کئی شہروں میں فضائی آلودگی اور گرد کا تناسب زیادہ ہے، باقاعدہ صفائی نہ ہونے کی صورت میں بجلی کی پیداوار میں واضح کمی دیکھنے میں آتی ہے۔

    سولر پینل فوٹو وولٹائیک سیلز پر مشتمل ہوتے ہیں جو سورج کی روشنی کو براہ راست بجلی میں تبدیل کرتے ہیں۔ جب ان سیلز تک روشنی مکمل طور پر نہیں پہنچتی تو وولٹیج اور کرنٹ کی پیداوار متاثر ہوتی ہے۔

    اس کے نتیجے میں نہ صرف یومیہ یونٹس کم بنتے ہیں بلکہ نظام کی مجموعی افادیت اور سرمایہ کاری پر منافع بھی کم ہو جاتا ہے۔ پاکستان کے جنوبی علاقوں جیسے سندھ اور جنوبی پنجاب میں گرد آلود ہوائیں عام ہیں، جبکہ شہری علاقوں مثلاً کراچی اور لاہور میں فضائی آلودگی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، اس لیے وہاں صفائی کی ضرورت نسبتاً زیادہ ہوتی ہے۔

    ماہرین عام طور پر مشورہ دیتے ہیں کہ کم از کم ہر ایک سے تین ماہ میں صفائی کی جائے، جبکہ زیادہ گرد والے علاقوں میں ماہانہ صفائی بہتر نتائج دیتی ہے۔
    سولر پینل کی صفائی کے دوران کرنٹ سے کیسے بچا جائے؟

    جہاں تک صفائی کے دوران کرنٹ لگنے کے خطرے کا تعلق ہے تو عام تصور یہ ہے کہ اگر مین سوئچ بند ہو تو خطرہ نہیں رہتا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ سولر پینل سورج کی روشنی میں مسلسل ڈی سی کرنٹ پیدا کرتے رہتے ہیں۔ حتیٰ کہ گرڈ یا انورٹر بند ہونے کے باوجود پینل کی تاروں میں وولٹیج موجود ہو سکتا ہے۔

    اگر صفائی کے دوران ننگی تاروں، کنیکٹرز یا خراب انسولیشن کو ہاتھ لگ جائے تو جھٹکا لگنے کا امکان موجود رہتا ہے۔ خاص طور پر اگر پانی استعمال کیا جا رہا ہو تو گیلا ماحول کرنٹ کے خطرے کو بڑھا دیتا ہے۔

    الیکٹریکل سیفٹی کے بین الاقوامی معیارات، جیسے کہ انٹرنیشنل الیکٹرو ٹیکنیکل کمیشن کی گائیڈ لائنز، تجویز کرتی ہیں کہ صفائی سے پہلے انورٹر بند کیا جائے، ڈی سی آئسولیٹر آف کیا جائے اور اگر ممکن ہو تو صبح یا شام کے وقت صفائی کی جائے جب دھوپ کم ہو اور پیداوار کم سے کم ہو۔

    ماہرین یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ صفائی کے دوران نرم برش یا مائیکرو فائبر کپڑا استعمال کیا جائے اور سخت کیمیکل یا کھردری چیزوں سے گریز کیا جائے تاکہ پینل کی سطح کو نقصان نہ پہنچے۔ اگر چھت پر نظام نصب ہے تو پھسلنے سے بچنے کے لیے ربڑ سول والے جوتے پہننا ضروری ہے۔ بڑے کمرشل پلانٹس میں تربیت یافتہ عملہ حفاظتی دستانے اور موصل آلات استعمال کرتا ہے۔

    پاکستان میں چند حادثات کی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں جن میں غیر تربیت یافتہ افراد کو صفائی کے دوران جھٹکا لگا، اس لیے بہتر ہے کہ اگر سسٹم بڑا ہو یا وائرنگ پیچیدہ ہو تو مستند ٹیکنیشن کی خدمات حاصل کی جائیں۔

    مجموعی طور پر سولر پینل کی باقاعدہ صفائی نہ صرف بجلی کی پیداوار کو 10 سے 30 فیصد تک بہتر بنا سکتی ہے بلکہ نظام کی عمر بھی بڑھاتی ہے۔ پاکستان میں توانائی کے بدلتے منظرنامے کے تحت سولر ٹیکنالوجی ایک اہم حل کے طور پر ابھر رہی ہے، مگر اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تکنیکی احتیاط، باقاعدہ دیکھ بھال اور حفاظتی اقدامات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

  • پاکستان میں توانائی کی اصل تصویر: توانائی کی طلب کم نہیں ہوئی بلکہ اسے غلط طور پر پڑھا جا رہا ہے، رینیوایبلز فرسٹ کی اس پالیسی رپورٹ

    پاکستان میں توانائی کی اصل تصویر: توانائی کی طلب کم نہیں ہوئی بلکہ اسے غلط طور پر پڑھا جا رہا ہے، رینیوایبلز فرسٹ کی اس پالیسی رپورٹ

    پاکستان میں معیشت، آبادی اور شہروں کے پھیلاؤ کے باوجود سرکاری اعداد و شمار میں توانائی کے استعمال میں غیر معمولی ٹھہراؤ ایک عرصے سے سوالات کو جنم دے رہا ہے۔

    ایک نئی پالیسی دستاویز کے مطابق یہ تاثر کہ پاکستان میں معاشی سرگرمی توانائی کے استعمال سے الگ ہو چکی ہے، درست نہیں بلکہ مسئلہ توانائی ناپنے کے موجودہ طریقہ کار کا ہے۔

    اسلام آباد میں قائم تحقیقی ادارے رینیوایبلز فرسٹ کی اس پالیسی رپورٹ کے مطابق ملک میں توانائی کی ایک بڑی مقدار سرکاری حساب کتاب میں شامل ہی نہیں ہو رہی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گھروں، کھیتوں اور صنعتوں میں لگنے والا سولر نظام تیزی سے پھیل رہا ہے، مگر یہ بجلی قومی توانائی کے اعداد و شمار میں نظر نہیں آتی۔ اسی وجہ سے یہ تاثر بنتا ہے کہ توانائی کی طلب کم ہو رہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مالی سال 2023-24 میں ملک بھر میں لگے تقسیم شدہ سولر نظام تقریباً 19 ٹیراواٹ گھنٹے بجلی پیدا کر سکتے تھے، مگر یہ پیداوار سرکاری ڈیٹا میں شامل نہیں۔ یہ مقدار قومی گرڈ سے فراہم کی جانے والی بجلی کے ایک نمایاں حصے کے برابر ہے۔

    رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ توانائی کی طلب کم نہیں ہوئی بلکہ اسے غلط طور پر پڑھا جا رہا ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی توانائی کا موجودہ نظام اب بھی بڑی حد تک تیل، گیس اور کوئلے پر انحصار کرتا ہے۔ یہ ایندھن نہ صرف درآمدی ہیں بلکہ جسمانی طور پر بھی غیر مؤثر ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فوسل ایندھن سے حاصل ہونے والی توانائی کا تقریباً 60 فیصد حصہ پیداوار، ترسیل اور استعمال کے دوران ضائع ہو جاتا ہے۔

    اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر سو روپے کی توانائی میں سے ساٹھ روپے کا فائدہ عملی طور پر ختم ہو جاتا ہے۔

    رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ مالی سال 2023-24 میں فوسل ایندھن کی درآمد پر کھربوں روپے خرچ ہوئے، جو مجموعی معیشت اور زرِ مبادلہ کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور روپے کی قدر میں کمی اس خطرے کو مزید بڑھا دیتی ہے۔

    اس کے مقابلے میں تقسیم شدہ سولر نظام کو رپورٹ میں ایک مختلف معاشی منطق کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ تحقیق کے مطابق سولر پینلز درآمد ضرور ہوتے ہیں، مگر یہ ایندھن کی طرح جل کر ختم نہیں ہوتے بلکہ پچیس سے تیس سال تک بجلی پیدا کرنے والا اثاثہ بن جاتے ہیں۔

    رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ اب تک درآمد کیے گئے تقریباً 48 گیگاواٹ سولر نظام اپنی پوری مدت میں 100 سے 120 ارب ڈالر کے ایندھن کی درآمد سے بچا سکتے ہیں۔

    رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بجلی پر منتقل ہونے والے استعمال، جیسے برقی گاڑیاں یا برقی مشینری، فوسل ایندھن کے مقابلے میں دو سے تین گنا زیادہ مؤثر ہیں۔ مثال کے طور پر اندرونی دہن کے انجن توانائی کا بڑا حصہ ضائع کر دیتے ہیں، جبکہ برقی موٹر زیادہ تر توانائی کو براہِ راست کام میں بدل دیتی ہے۔

    تحقیق کے مطابق پاکستان میں یہ تبدیلی کسی واضح سرکاری پالیسی کے تحت نہیں بلکہ صارفین کے اپنے فیصلوں کے نتیجے میں ہو رہی ہے۔ مہنگی اور غیر مستحکم بجلی، بڑھتے نرخ اور نظام کی خرابیوں نے گھروں اور کاروباروں کو سولر کی طرف دھکیل دیا ہے۔ اس صورتحال میں ریاستی منصوبہ بندی اور سرکاری ڈیٹا اس زمینی حقیقت سے پیچھے رہ گئے ہیں۔

    رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر توانائی کی منصوبہ بندی، قوانین اور اعداد و شمار کو اس نئی حقیقت کے مطابق نہ بدلا گیا تو بجلی کا نظام، تقسیم کار کمپنیاں اور قومی خزانہ دباؤ میں آ سکتے ہیں۔ دوسری جانب، اگر اس تبدیلی کو تسلیم کر کے مربوط منصوبہ بندی کی گئی تو توانائی کا نظام زیادہ مؤثر، سستا اور مستحکم ہو سکتا ہے۔

    پالیسی دستاویز کا نتیجہ یہ ہے کہ پاکستان کی توانائی کا مسئلہ طلب میں کمی نہیں بلکہ ادھورے حساب کتاب اور پالیسی کی غلط سمت ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک عملی طور پر ایک برقی معیشت کی طرف بڑھ رہا ہے، سوال صرف یہ ہے کہ یہ سفر بغیر منصوبہ بندی کے ہوگا یا شعوری فیصلوں کے ساتھ۔