حکومت سندھ، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور دی سٹیزنز آرکائیو آف پاکستان کے اشتراک سے کراچی میں ایک منفرد ثقافتی اور تاریخی منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے، جسے ‘کراچی میوزیم آف ہسٹری’ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ میوزیم بیچ ویو پارک میں قائم کیا جا رہا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اس کا سنگ بنیاد رکھ چکے ہیں۔
سندھ حکومت کے مطابق یہ پاکستان کا پہلا مکمل ڈیجیٹل انٹرایکٹو ہسٹری میوزیم ہوگا، جہاں روایتی انداز میں صرف تاریخی نوادرات کی نمائش نہیں کی جائے گی بلکہ جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل آرکائیوز، ویڈیوز، صوتی ریکارڈنگز، زبانی تاریخ اور انٹرایکٹو تجربات کے ذریعے کراچی کی صدیوں پر محیط داستان کو پیش کیا جائے گا۔
کم لوگ جانتے ہیں کہ کراچی کی تاریخ صرف قیام پاکستان یا 1947 سے وابستہ نہیں۔ یہ شہر صدیوں سے بحیرہ عرب کے اہم تجارتی راستوں کا حصہ رہا ہے اور مختلف تہذیبوں، ثقافتوں اور آبادیوں کے میل جول کا مرکز رہا ہے۔ کراچی میوزیم آف ہسٹری کا مقصد اسی طویل اور متنوع تاریخ کو ایک جامع انداز میں محفوظ کرنا اور عوام کے سامنے لانا ہے۔
میوزیم میں صرف حکمرانوں، سیاسی شخصیات یا سرکاری واقعات کی تاریخ پیش نہیں کی جائے گی بلکہ ان عام لوگوں کی کہانیاں بھی محفوظ کی جائیں گی جنہوں نے مختلف ادوار میں کراچی کی تعمیر، ترقی اور شناخت میں کردار ادا کیا۔ منصوبے میں انٹرایکٹو اسکرینز، تاریخی ویڈیوز، آرکائیول تصاویر، زبانی تاریخ کے ریکارڈ اور جدید ڈیجیٹل نمائشوں کو شامل کیا جائے گا تاکہ زائرین ماضی کو ایک نئے انداز سے محسوس کر سکیں۔
ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں ایسے ادارے صرف تاریخی مواد کو محفوظ نہیں کرتے بلکہ شہری شناخت، ثقافتی ہم آہنگی، برداشت اور مکالمے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کراچی میوزیم آف ہسٹری کو شہر کے ثقافتی منظرنامے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ میوزیم طلبہ، محققین، سیاحوں اور عام شہریوں کے لیے ایک اہم علمی مرکز ثابت ہوسکتا ہے۔ یہاں لوگ اپنے خاندانوں کی ہجرت اور شہر سے وابستہ یادوں کو ریکارڈ کرا سکیں گے، جبکہ نئی نسل کراچی کی اصل تاریخی شناخت اور ارتقا کو بہتر انداز میں سمجھ سکے گی۔
کراچی میوزیم آف ہسٹری نہ صرف شہر کے ماضی کو محفوظ کرنے کی کوشش ہے بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم بھی بن سکتا ہے جہاں کراچی پہلی بار اپنی مکمل اور متنوع کہانی خود دنیا کو سنا سکے۔
