[rank_math_breadcrumb]

کیا ایک عام دلدلی گھاس پلاسٹک کے اسٹرا کا ماحول دوست متبادل بن سکتی ہے؟

کلفٹن اربن فاریسٹ کے بانی مسعود لوہار نے ایک دلچسپ ویڈیو میں بتایا ہے کہ شہری جنگل میں اُگنے والی مقامی گھاس ‘نَڙ’ سے ماحول دوست اسٹرا تیار کیے گئے ہیں۔ اس گھاس کا سائنسی نام Phragmites karka ہے اور یہ سندھ سمیت جنوبی ایشیا کے کئی آبی اور دلدلی علاقوں میں قدرتی طور پر پائی جاتی ہے۔

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اس گھاس کے کھوکھلے اور مضبوط تنوں کو استعمال کرتے ہوئے ایسے اسٹرا تیار کیے جا سکتے ہیں جو پلاسٹک کے اسٹرا کا قدرتی متبادل بن سکتے ہیں۔ یہ اسٹرا بایوڈیگریڈیبل ہیں، یعنی استعمال کے بعد قدرتی طور پر ماحول میں تحلیل ہو سکتے ہیں اور پلاسٹک کی طرح برسوں تک آلودگی پیدا نہیں کرتے۔

مسعود لوہار کے مطابق اس مقامی گھاس سے تیار کردہ اسٹرا دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ اگر مقامی سطح پر اس کی کاشت، پراسیسنگ اور تیاری کو فروغ دیا جائے تو یہ ایک چھوٹے کاروبار یا اسٹارٹ اپ کی شکل اختیار کر سکتا ہے، جس سے نوجوانوں، خواتین اور مقامی کمیونٹیز کو معاشی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ جو افراد یا نوجوان ماحول دوست اسٹرا کی تیاری کا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں، وہ ان سے رابطہ کر سکتے ہیں اور وہ اس سلسلے میں رہنمائی اور تعاون فراہم کرنے میں خوشی محسوس کریں گے۔

دنیا بھر میں سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف بڑھتی ہوئی مہمات کے دوران ایسے مقامی اور قدرتی متبادل نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں بلکہ مقامی وسائل پر مبنی پائیدار کاروباری مواقع بھی پیدا کر سکتے ہیں۔

ویڈیو یہ سوال بھی اٹھاتی ہے کہ کیا سندھ کے مقامی پودے اور روایتی قدرتی وسائل مستقبل میں ماحول دوست صنعتوں اور گرین انٹرپرینیورشپ کی بنیاد بن سکتے ہیں؟

ساگا ڈیجیٹل پر ماحول، جدت اور مقامی حلوں کی ایسی ہی منفرد کہانیاں دیکھتے رہیے۔

اسی بارے میں: