[rank_math_breadcrumb]

پرانا نام اور نیا تنازعہ: نئی ‘بابری مسجد’ کی تعمیر پر پابندی کی درخواست بھارتی سپریم کورٹ نے مسترد کردی

بھارت میں بابری مسجد کی تعمیر نے نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے۔ مگر یہ وہ بابری مسجد نہیں جسے ایودھیہ میں منہدم کردیا گیا تھا۔

مغربی بنگال کے علاقے مرشد آباد میں ترینمول کانگریس سے تعلق رکھنے والے ایم ایل اے ہمایوں کبیر نے نئی ‘بابری مسجد’ کی تعمیر کا اعلان کیا تو انہیں ہندو انتہا پسند تنظیموں کے علاوہ اپنی جماعت میں بھی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چھ دسمبر 2025 کو مسجد کی تعمیر کے لیے باقاعدہ سنگ بنیاد رکھ دیا گیا اور زیر تعمیر مسجد میں نماز کی ادائیگی بھی شروع کردی گئی۔

ہمایوں کبیر، جنہوں نے بعد میں اپنی جماعت ‘جنتا اُنیان پارٹی’ قائم کی، کو مرشد آباد میں "بابری مسجد” تعمیر کرنے کے اعلان پر ترینمول کانگریس نے معطل کر دیا تھا۔

معطل ایم ایل اے ہمایوں کبیر کی جانب سے جاری کردہ منصوبے کے مطابق اس مسجد کا ڈیزائن منہدم کی گئی بابری مسجد جیسا ہی ہوگا۔ نئی بابری مسجد 11 ایکڑ رقبے پر محیط ہوگی اور اس کی تعمیر میں 50 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس مسجد کی تعمیر کے اعلان پر ایک طرف ہمایوں کبیر کو شدید مخالفت کا سامنا ہے، جبکہ دوسری جانب مقامی آبادی میں کافی جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے۔

20 فروری 2026 کو بھی ہزاروں افراد نے زیر تعمیر مسجد کی جگہ پر جمعہ کی نماز ادا کی۔ اسی روز بھارت کی سپریم کورٹ نے بابری یا بابر کے نام پر کسی بھی مسجد کی تعمیر کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

درخواست میں مغل بادشاہ بابر یا بابری مسجد کے نام پر کسی بھی مسجد یا مذہبی مقام کی تعمیر، قیام یا نام رکھنے پر پابندی عائد کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ عدالت مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو ہدایت دے کہ بابر، بابری مسجد یا اسی نوعیت کی تاریخی شخصیات کے نام پر مساجد یا مذہبی مقامات کی تعمیر پر پابندی لگائی جائے۔ اس حوالے سے انتظامی احکامات جاری کیے جائیں۔ درخواست میں مغربی بنگال میں حال ہی میں بابری مسجد کی تعمیر سے متعلق اعلانات کا بھی حوالہ دیا گیا تھا۔

عدالتِ عظمیٰ نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

بابری مسجد کا تنازعہ اس وقت سامنے آیا تھا جب بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر ایودھیہ میں قدیم بابری مسجد کو منہدم کردیا گیا تھا۔

 

اسی بارے میں: