چینی سرمایہ کاری: پاکستان کے پانڈا بانڈز کے اجرا میں مزید تاخیر کیوں؟

پانڈا بانڈز

پاکستان نے چین کی مالیاتی منڈی میں پہلی مرتبہ پانڈا بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے، تاہم اس منصوبے کو بار بار مؤخر کیے جانے کے باعث اس کی نئی تاریخ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ بانڈز چین کی مقامی بانڈ مارکیٹ میں چینی کرنسی یوآن میں جاری کیے جائیں گے، جس کا مقصد پاکستان کے بیرونی مالی وسائل کو متنوع بنانا اور ڈالر پر انحصار کم کرنا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے منصوبے کے مطابق ابتدائی طور پر تقریباً 25 کروڑ ڈالر کے مساوی پانڈا بانڈز جاری کرنے کی تیاری کی گئی تھی، جو بڑے پروگرام کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر تک بڑھائے جا سکتے ہیں۔

حکومت کی خواہش تھی کہ یہ بانڈز پہلے دسمبر 2025 میں جاری کیے جائیں، تاہم ریگولیٹری منظوریوں اور دیگر انتظامی امور کی تکمیل میں تاخیر کے باعث اجرا مؤخر کرنا پڑا۔

بعد ازاں حکام نے اعلان کیا کہ بانڈز نئے سال کے آغاز یعنی جنوری 2026 میں جاری کیے جائیں گے، لیکن ضروری دستاویزی کارروائی اور تکنیکی معاملات مکمل نہ ہونے کے باعث یہ تاریخ بھی تبدیل کر دی گئی۔

سرمایہ کاروں کو فروری 2026 کے پہلے ہفتے میں اجرا کی امید تھی، تاہم ایک مرتبہ پھر حکومتی تیاریاں رکاوٹ ثابت ہوئیں۔ اور نئی تاریخ کے بارے میں حتمی اعلان ابھی سامنے نہیں آیا۔ کچھ تجزیہ کاروں کو امید ہے یہ اجرا اب مارچ میں ہوگا۔

ماہرین اقتصادیات کے مطابق پانڈا بانڈز دراصل ایسے قرضہ جاتی بانڈ ہوتے ہیں جو غیر ملکی حکومتیں یا ادارے چین کی مقامی سرمایہ منڈی میں یوآن کرنسی میں جاری کرتے ہیں، جس سے انہیں چین کے بڑے سرمایہ کاروں تک رسائی ملتی ہے اور قرضہ لینے کے ذرائع میں تنوع پیدا ہوتا ہے۔

پاکستان کے لیے یہ اقدام اس لیے بھی اہم سمجھا جا رہا ہے کیونکہ ملک گزشتہ چند برسوں سے بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اتار چڑھاؤ کا سامنا کر رہا ہے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ پانڈا بانڈز کے اجرا سے پاکستان نہ صرف چین کی سرمایہ منڈی سے کم لاگت فنانسنگ حاصل کر سکے گا بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بھی یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان اپنی قرضہ جاتی حکمت عملی کو مزید متوازن بنا رہا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ یوآن میں قرض لینے سے کرنسی کے خطرات میں بھی کمی آ سکتی ہے اور ملک کو مختلف کرنسیوں میں مالی وسائل حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ بار بار تاخیر سے مارکیٹ میں کچھ غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے، تاہم بانڈ کے اجرا کے بعد پاکستان کے لیے چین کی سرمایہ منڈی میں مستقل رسائی کا راستہ کھل سکتا ہے۔ اس اقدام کو پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق بانڈز کے اجرا کے لیے بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور چینی ریگولیٹرز سے ضروری منظوریوں کا عمل جاری ہے، اور جیسے ہی یہ عمل مکمل ہوگا، اجرا کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ پانڈا بانڈ پروگرام پاکستان کی طویل مدتی قرضہ جاتی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد سرمایہ کے نئے ذرائع تلاش کرنا اور بیرونی مالیاتی دباؤ کو کم کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ بانڈ کامیابی سے جاری ہو جاتے ہیں تو پاکستان کے لیے مستقبل میں مزید یوآن بانڈز جاری کرنے کا راستہ ہموار ہوگا اور ملک کو عالمی مالیاتی منڈیوں میں اپنی ساکھ بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس طرح پانڈا بانڈز کو پاکستان کی مالیاتی حکمت عملی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے نتائج آنے والے برسوں میں واضح ہو سکتے ہیں۔

اسی بارے میں: