سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر ایک پوسٹ شیئر کی جا رہی ہے، جس میں چھ سیکنڈ کی ایک ویڈیو دکھائی دیتی ہے۔ اس ویڈیو میں بظاہر آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانی کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ ایک پاکستانی شہری نوید اکرم کی جانب سے دہشت گرد حملے کے بعد آسٹریلیا نے تمام پاکستانی ویزے معطل کر دیے ہیں۔
لیکن حقیقت میں یہ دعویٰ غلط ہے۔
متعدد معتبر فیکٹ چیک اداروں، جن میں اے ایف پی (AFP)، پی ٹی آئی (PTI) اور بوم لائیو (Boom Live) شامل ہیں، نے تصدیق کی ہے کہ گردش کرنے والی ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کردہ ایک ڈیپ فیک ہے۔
ویڈیو کے تجزیے میں درج ذیل خامیاں سامنے آئیں:
وزیر اعظم کے ہونٹوں کی حرکت ان کی آواز سے مطابقت نہیں رکھتی۔ آواز غیر فطری اور اصل لہجے سے مختلف محسوس ہوتی ہے۔ ویڈیو میں چہرے کے تاثرات اور روشنی غیر معمولی ہیں
یہ تمام علامات اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ ویڈیو کو ڈیجیٹل طور پر تیار یا ایڈٹ کیا گیا ہے۔
اصل واقعہ کیا تھا؟
14 دسمبر 2025 کو سڈنی کے بونڈی بیچ پر فائرنگ کا ایک حقیقی واقعہ پیش آیا تھا، تاہم:
حملے میں ملوث افراد کا پاکستانی شہری ہونے کا کوئی ثبوت نہیں۔ آسٹریلوی حکومت نے پاکستانی ویزوں کے حوالے سے کسی قسم کی پابندی یا معطلی کا اعلان نہیں کیا۔ محکمہ داخلہ کے مطابق پاکستان سے ویزا درخواستوں کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی
گمراہ کن بیانیہ
وائرل پوسٹ کے ساتھ موجود ہندی متن میں بھارت میں امیگریشن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے حوالے سے مبینہ دوہرے معیار پر تنقید کی گئی ہے، اور جان بوجھ کر مخصوص افراد کو ٹیگ کر کے بحث اور اشتعال کو بڑھانے کی کوشش کی گئی ہے۔
تبصروں میں صارفین دو واضح حصوں میں منقسم نظر آئے:
ایک طبقہ دہشت گردی کے خلاف سخت اقدامات کی حمایت کرتا دکھائی دیا، دوسرا طبقہ اس پوسٹ کو نفرت پھیلانے اور غلط معلومات پر مبنی قرار دیتا رہا
نتیجہ
آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانی کی جانب سے پاکستانی ویزے معطل کرنے کا دعویٰ جھوٹا ہے۔ وائرل ویڈیو جعلی اور AI سے تیار کردہ ہے، جس کا مقصد غلط معلومات پھیلانا اور عوام کو گمراہ کرنا ہے۔
قارئین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی حساس خبروں کی تصدیق معتبر ذرائع سے ضرور کریں۔
جبکہ حملہ آوور کا تعلق انڈیا کے شہر حیدرآباد سے تھا ۔
