میرپورخاص میں سندھ حکومت کے پنک اسکوٹی پروگرام کے تحت خواتین میں مفت الیکٹرک اسکوٹیز تقسیم کی گئیں۔
سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت جاری اس پروگرام کا مقصد خواتین، خصوصاً طالبات اور کام کرنے والی خواتین کے لیے آمدورفت کے مواقع بہتر بنانا ہے۔ پروگرام کے تحت منتخب خواتین کو اسکوٹی فراہم کرنے کے ساتھ سواری کی تربیت اور لرنر لائسنس کے حصول میں بھی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔
پنک اسکوٹی حاصل کرنے والی خواتین میں سلوچنا مالہی بھی شامل ہیں، جو سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز کی ایمبولینس سروس ون ون ٹو ٹو میں ایمرجنسی میڈیکل ایسوسی ایٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
سلوچنا مالہی کے مطابق ان کا دفتر شہر کے مرکزی علاقے سے دور ہے اور انہیں ڈیوٹی پر آنے جانے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ پنک اسکوٹی ملنے سے ان کے لیے دفتر آنے جانے اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دینے میں آسانی پیدا ہوگی۔
سرکاری معلومات کے مطابق پروگرام میں بیواؤں، اکیلی ماؤں، کام کرنے والی خواتین اور طالبات کو ترجیح دی جاتی ہے، جبکہ حتمی انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ حکومت سندھ کے مطابق پنک اسکوٹی پروگرام کے لیے پورے سندھ سے 50 ہزار سے زیادہ خواتین درخواست دے چکی ہیں۔
میرپورخاص میں اسکوٹیز کی تقسیم سندھ کے دیگر شہروں تک پروگرام کی توسیع کا حصہ ہے۔ حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد خواتین کے لیے تعلیم، روزگار اور روزمرہ آمدورفت تک رسائی آسان بنانا ہے۔
