پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں مہاجرین کی دو نشستوں، حلقہ ایل اے 40 پر مسلم لیگ (ن) کے محمد نعیم خان اور ایل اے 34 پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری عبدالقدیر چوہان کامیاب، ضلع سانگھڑ کے چھ میں سے چار ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں مہاجرین کی دو نشستوں کے لیے ضلع سانگھڑ میں پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے مکمل ہو گیا۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس سانگھڑ میں قائم پولنگ اسٹیشن نمبر 19 پر دونوں حلقوں کے لیے دو الگ الگ پولنگ بوتھ قائم کیے گئے تھے۔ پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی اور شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔
ضلع سانگھڑ میں دونوں حلقوں کے لیے رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد چھ تھی، جن میں سے چار ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

حلقہ ایل اے 40 وادی کشمیر ون میں کل چار ووٹرز رجسٹرڈ تھے۔ ایاز محمد راجپوت ولد عبدالمجید، محمد انس محمود ولد ایاز محمود اور محمد احسن محمود ولد ایاز محمود نے اپنا حقِ رائے دہی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد نعیم خان کے حق میں استعمال کیا، جبکہ ایک ووٹر طارق محمود راجپوت ولد غلام چشتی راجپوت بیرون ملک مقیم ہونے کے باعث ووٹ کاسٹ نہ کر سکے۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پولنگ اسٹیشن نمبر 19 کے بوتھ نمبر ایک پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد نعیم خان چار میں سے تین ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔
حلقہ ایل اے 34 جموں ون میں ضلع سانگھڑ میں دو خواتین ووٹرز رجسٹرڈ تھیں۔ زیب النساء زوجہ موسیٰ خان نے اپنا ووٹ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری عبدالقدیر چوہان کے حق میں کاسٹ کیا، جبکہ دوسری ووٹر عمارہ احسن زوجہ منان احمد احسن اسلام آباد میں مقیم ہونے کی وجہ سے ووٹ نہ دے سکیں۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پولنگ اسٹیشن نمبر 19 کے بوتھ نمبر دو پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری عبدالقدیر چوہان ایک ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔
انتظامیہ کے مطابق ضلع سانگھڑ میں پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولنگ کا پورا عمل پرامن ماحول میں بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہوا۔

