عید سے کچھ دن پہلے کی بات ہے کہ میں شاہی بازار حیدرآباد میں ایک گارمنٹس ہول سیل دکان پر گیا۔ وہاں پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کا ایک شخص ملا۔ باتوں کے دوران میں نے اسے بتایا کہ میرے پاس امریکہ اور کینیڈا کے ملٹی پل ویزے ہیں۔
میں حسب معمول کالے کپڑوں میں تھا۔ اس نے میری بات سن کر اور مجھے غور سے دیکھ کر کہا: ‘مذاق نہ کریں۔’ پھر میں نے اسے موبائل میں اپنے ویزے دکھائے۔ وہ حیران ہو کر کہنے لگا: ‘پھر آپ یہاں قاسم آباد میں کیا کر رہے ہیں؟’
اس نے کہا کہ ہمارے ہاں گجرات، گوجرانوالہ، چکوال، سرگودھا، راولپنڈی وغیرہ کے لوگ امریکہ، کینیڈا اور یورپ جانے کے لیے ایجنٹوں کو 20 سے 40 لاکھ روپے تک دیتے ہیں۔ بہت سے لوگ انسانی اسمگلروں کو پیسے دے کر غیر قانونی طریقے سے کنٹینرز، کشتیوں اور لانچوں کے ذریعے ایران، ترکی اور یونان کے راستے یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اس خطرناک سفر میں بہت سے لوگ بارڈر فورس کی گولیوں کا شکار ہو جاتے ہیں یا سمندر میں ڈوب جاتے ہیں، مگر پھر بھی لوگ باز نہیں آتے۔ اس نے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ کے پاس دنیا کے دو بڑے ممالک کے ویزے ہیں، پھر بھی آپ یہاں بیٹھے ہیں۔
میں نے دل میں کہا: ‘کہاں چور اور کہاں گائے۔’
چلیں اب میں آپ کو بتاتا ہوں کہ مجھے کینیڈا کا ویزا کیسے ملا۔
میرا بیٹا عون محمد قادری، جس نے میٹرک کے بعد ٹیکنیکل کالج حیدرآباد میں ڈپلومہ آف کمپیوٹر سائنس میں داخلہ لیا، کمپیوٹر پر مختلف تعلیمی پروگرامز تلاش کرتا رہتا ہے۔
گذشتہ سال گرمیوں کی چھٹیوں میں وہ فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے ایک ادارے سے آن لائن بزنس، گرافکس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے کورسز کے بارے میں رابطے میں رہا۔ اس نے ان کا آن لائن ٹیسٹ پاس کیا تو اسے 25 دن کے سمر کورس کی پیشکش ہوئی، جس میں رہائش، ٹکٹ اور کورس مفت تھا۔
لیکن اس کی والدہ اسے اکیلے فلپائن بھیجنے پر راضی نہیں تھیں، اس لیے فیصلہ ہوا کہ میں بھی اس کے ساتھ جاؤں گا۔
میں نے کراچی کے ایک ٹریول کنسلٹنٹ دوست سے رابطہ کیا۔ اس نے فلپائن ویزا کے لیے درکار کاغذات کی فہرست دی۔ میں نے تمام ڈاکومنٹس مکمل کر کے جمع کروائے اور ہمیں فلپائن کا ویزا مل گیا۔
پھر میں نے اس سے کہا کہ کینیڈا کا ویزا بھی اپلائی کریں۔ اس نے پوچھا کیا آپ کے پاس دعوت نامہ یا اسپانسرشپ ہے؟ میں نے کہا نہیں، صرف یہی ڈاکومنٹس ہیں۔
میں نے کہا زیادہ سے زیادہ درخواست رد ہو جائے گی، تو اس نے درخواست دے دی۔
کینیڈا وزٹ ویزا کے لیے ضروری کاغذات:
پاسپورٹ (کم از کم آٹھ ماہ کی مدت باقی ہو)
پرانے پاسپورٹس
شناختی کارڈ
تصاویر (سفید پس منظر، 35 X 50 ملی میٹر)
چھ ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹ (تصدیق شدہ)
بینک مینٹیننس سرٹیفکیٹ
NADRA کا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ
نکاح نامہ (اگر شادی شدہ ہوں)
FBR کے ٹیکس گوشوارے
کاروبار یا ملازمت کی تفصیلات
NOC اور تنخواہ سلپس (ملازمین کے لیے)
طلبہ کے لیے تعلیمی دستاویزات
جائیداد کے کاغذات
سفر کا مقصد
ہوٹل بکنگ
واپسی اور جانے کی ٹکٹ
اہم بات:
کوئی بھی جھوٹ یا غلط معلومات ویزا مسترد ہونے کا سبب بن سکتی ہیں۔
میں نے تمام شرائط پوری کر کے آن لائن درخواست دی اور 100 کینیڈین ڈالر فیس جمع کروائی۔ کچھ دن بعد ای میل آئی کہ بایومیٹرک کرائیں۔ 85 ڈالر فیس دے کر اپوائنٹمنٹ لی اور کراچی میں بایومیٹرک کروایا۔
پھر میں اپنے بیٹے کے ساتھ فلپائن چلا گیا۔ تقریباً 90 دن بعد ای میل آئی کہ پاسپورٹ جمع کروائیں۔ میں نے پاسپورٹ جمع کروایا اور 10 اگست 2023 کو اطلاع ملی کہ ویزا جاری ہو چکا ہے۔
جب میں نے پاسپورٹ دیکھا تو کینیڈا نے مجھے نومبر 2027 تک کا ویزا دیا، یعنی پاسپورٹ کی مدت تک۔
عام طور پر امریکہ پانچ سال کا ویزا دیتا ہے جبکہ کینیڈا اکثر پاسپورٹ کی مدت تک ویزا دیتا ہے۔
آخر میں یہ بات یاد رکھیں کہ تمام شرائط پوری کرنے کے باوجود ویزا دینا یا نہ دینا امیگریشن حکام کی مرضی ہوتی ہے۔
اگر آپ کے پاس علم اور کمپیوٹر ہے تو آپ خود بھی آن لائن ویزا اپلائی کر سکتے ہیں۔

