Tag: لڑکیوں کی تعلیم

  • کراچی: لڑکیوں کی تعلیم، اسکول اسپیسفک اور صنفی حساس بجٹ سازی پر تربیتی نشست

    کراچی: لڑکیوں کی تعلیم، اسکول اسپیسفک اور صنفی حساس بجٹ سازی پر تربیتی نشست

    کراچی میں لڑکیوں کی تعلیم اور صنفی حساس بجٹ سازی سے متعلق ایک روزہ تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع ملیر سے تعلق رکھنے والی 20 نوجوان طالبات ‘چیمپئنز فار چینج’ نے شرکت کی۔

    تربیتی پروگرام کا اہتمام تھر ایجوکیشن الائنس نے ملالہ فنڈ کے تعاون سے ایک نجی ہوٹل میں کیا، جس کا مقصد لڑکیوں کو تعلیمی پالیسی سازی اور عوامی وسائل کے مؤثر استعمال میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا تھا۔

    تربیتی سیشنز کے دوران شرکاء کو عملی مشقوں کے ذریعے پالیسی امور کو زمینی حقائق سے جوڑنے کی تربیت دی گئی۔ اس موقع پر تنقیدی سوچ، مؤثر وکالت اور بجٹ سازی کے عمل کو سمجھنے پر خصوصی توجہ دی گئی، تاکہ لڑکیاں اپنی برادریوں میں درپیش تعلیمی مسائل کو بہتر انداز میں اجاگر کر سکیں۔

    سماجی ماہر کپیل دیو نے شرکاء کو مؤثر ایڈووکیسی مہمات ترتیب دینے، شواہد کے استعمال اور مؤثر ابلاغ کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ باشعور اور باخبر نوجوان لڑکیاں معاشرتی تبدیلی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

    اس موقع پر حکومت سندھ کے سیکشن آفیسر (بجٹ و فنانس) ڈاکٹر اسد کھتری نے پبلک فنانس اور تعلیمی بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بجٹ سازی کے طریقہ کار کو آسان انداز میں بیان کرتے ہوئے شرکاء کو اس عمل میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔

    ملالہ فنڈ کی مینیجر گرانٹس انعم اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کی بہتری کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے کمیونٹی کی شمولیت انتہائی ضروری ہے۔

    تھر ایجوکیشن الائنس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پرتاب شیوانی نے بتایا کہ محکمہ تعلیم حکومت سندھ کی جانب سے 18.67 ارب روپے براہ راست سرکاری اسکولوں کو فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ 31 ہزار 633 اسکول سربراہان کو ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسرز مقرر کیا گیا ہے، جس سے فنڈز کے استعمال میں شفافیت اور بہتری آئے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام تعلیم کے شعبے میں نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی کی جانب اہم پیش رفت ہے، جس میں کمیونٹی اور خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کا کردار نہایت اہم ہو گیا ہے۔

    تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حاصل کردہ علم کو اپنی کمیونٹیز تک منتقل کریں گی اور لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھیں گی۔

    اس موقع پر تھر ایجوکیشن الائنس کے پروگرام مینیجر بھرت کمار، پریانکا، مہک، اقران میمن و دیگر بھی موجود تھے۔