Tag: تولدے گیبریماریم

  • پی آئی اے کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر  تولدے گیبریماریم کون ہیں؟

    پی آئی اے کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر تولدے گیبریماریم کون ہیں؟

    پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) تولدے گیبریماریم عالمی ہوا بازی کی صنعت کا ایک معروف نام ہیں۔ وہ ایتھوپیا سے تعلق رکھتے ہیں اور دنیا کی کامیاب ترین ایئرلائنز میں شمار ہونے والی ایتھوپیئن ایئرلائنز کو ایک دہائی سے زائد عرصے تک کامیابی سے چلانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

    تولدے گیبریماریم نے ادیس ابابا یونیورسٹی سے معاشیات میں بیچلر ڈگری حاصل کی، جبکہ برطانیہ کی اوپن یونیورسٹی سے ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن (ایم بی اے) کیا۔ 2019 میں ادیس ابابا یونیورسٹی نے انہیں اعزازی ڈاکٹریٹ سے بھی نوازا۔

    وہ ایتھوپیئن ایئرلائنز کے ساتھ مختلف عہدوں بشمول ازاں کارگو، سیلز، مارکیٹنگ، آپریشنز اور مختلف علاقائی انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ 2006 میں انہیں چیف آپریٹنگ آفیسر مقرر کیا گیا۔ یکم جنوری 2011 میں انہیں ایتھوپیئن ایئرلائنز گروپ کا چیف ایگزیکٹو آفیسر بنایا گیا۔ وہ مارچ 2022 تک اس منصب پر فائز رہے۔

    ان کی قیادت میں ایتھوپیئن ایئرلائنز نے نمایاں ترقی کی۔ کمپنی کی سالانہ آمدنی تقریباً ایک ارب ڈالر سے بڑھ کر ساڑھے چار ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ فضائی بیڑے میں طیاروں کی تعداد 33 سے بڑھ کر تقریباً 130 ہوگئی۔ اسی عرصے میں سالانہ مسافروں کی تعداد تقریباً تین ملین سے بڑھ کر 12 ملین تک جا پہنچی، اور ایتھوپیئن ایئرلائنز افریقہ کی سب سے بڑی اور منافع بخش فضائی کمپنی بن گئی۔

    ان کے دور میں جدید کارگو ٹرمینلز، طیاروں کی مرمت و دیکھ بھال کی سہولیات، فلائٹ سمیولیٹرز، ایوی ایشن اکیڈمی اور دیگر بنیادی ڈھانچے پر 700 ملین ڈالر سے زیادہ سرمایہ کاری بھی کی گئی۔

    2019 میں ایتھوپیئن ایئرلائنز کی پرواز 302 کے حادثے کے بعد انہوں نے کمپنی کی قیادت کی، جبکہ کووڈ۔19 وبا کے دوران مسافر طیاروں کو کارگو آپریشنز میں استعمال کرنے کی حکمت عملی کے ذریعے کمپنی کو شدید مالی بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    وہ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کے بورڈ آف گورنرز کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ہائی لیول ایڈوائزری گروپ برائے پائیدار ٹرانسپورٹ، افریقی ایئرلائنز ایسوسی ایشن اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں بھی اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔

    تولدے گیبریماریم کو اپنے کیریئر کے دوران متعدد بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں افریقن سی ای او آف دی ایئر، ایئرلائن اسٹریٹجی ایوارڈ، ایئر کارگو لیڈرشپ ایوارڈ، افریقن سی ای او ہال آف فیم میں شمولیت اور برازیل کا اعلیٰ سول اعزاز ‘آرڈر آف ریو برانکو’ شامل ہیں۔

    مارچ 2022 میں انہوں نے صحت کی وجوہات کی بنا پر ایتھوپیئن ایئرلائنز سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی۔ بعد ازاں وہ امریکی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز کے سینئر اسٹریٹجک ایڈوائزر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔

    جولائی 2026 میں نجکاری کے بعد پی آئی اے کے نئے مالکان نے انہیں قومی ایئرلائن کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا ہے۔ ان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے عالمی تجربے کی بنیاد پر پی آئی اے کی مالی اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے، بین الاقوامی روٹس کو وسعت دینے اور ایئرلائن کو دوبارہ منافع بخش ادارہ بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔