Tag: انسٹی ٹیوٹ

  • سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ: جانوروں کے علاج، تشخیص اور تحقیق کا مرکز

    سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ: جانوروں کے علاج، تشخیص اور تحقیق کا مرکز

    کراچی میں جانوروں کی صحت، ویکسین کی تیاری اور بیماریوں کی تشخیص کے حوالے سے سندھ حکومت کا ایک اہم ادارہ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ ہے، جسے عام طور پر ایس آئی اے ایچ کہا جاتا ہے۔

    کورنگی میں قائم یہ ادارہ آج سندھ میں مویشیوں، پولٹری، پالتو جانوروں، جنگلی حیات اور آبی حیوانات کی صحت سے متعلق تحقیق، تشخیص اور ویکسین کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    ادارہ مویشیوں کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ پالتو جانوروں اور جنگلی حیات کی بیماریوں پر بھی کام کرتا ہے.

    یہاں پالتو کتوں کے لیے جانوروں کے ہسپتال میں جدید علاج کا مرکز بھی قائم کیا گیا، جہاں او پی ڈی کے ساتھ پیچیدہ کیسز کے لیے جدید آپریشن تھیٹر بھی قائم کیا گیا ہے، جبکہ جانوروں کی مسلسل نگرانی کے لیے آئی سی یو کی سہولت بھی موجود ہے۔

    تشخیص کے لیے الٹراساؤنڈ اور ایکسرے کی جدید مشینیں استعمال کی جاتی ہیں۔ پورٹیبل الٹراساؤنڈ کے ذریعے حمل کی جانچ کے ساتھ مختلف بیماریوں کی تشخیص کی جاتی ہے، جبکہ ایکسرے سے ہڈیوں اور دیگر طبی مسائل کا معائنہ کیا جاتا ہے۔

    جانوروں کے مختلف طبی ٹیسٹ بھی یہاں کیے جاتے ہیں، جن میں سی بی سی، جگر اور گردوں کے افعال کے ٹیسٹ شامل ہیں۔ ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد نتائج کی رپورٹ بھی فراہم کی جاتی ہے۔

    ہسپتال میں پالتو کتوں کی گرومنگ کی سہولت بھی موجود ہے، جہاں نہلانے، بالوں کی تراش خراش اور ناخن کاٹنے سمیت دیگر خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔

    اس کے علاوہ جانوروں کی نسبندی اور دیگر ضروری جراحی سہولتیں بھی دستیاب ہیں

    یہاں جدید لیبارٹریز میں خون، ٹشوز اور دیگر نمونوں کی جانچ، پی سی آر اور دیگر تشخیصی ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔

    اس جدید ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق بہتر علاج کی سہولیات کے باعث نہ صرف کراچی بھر بلکہ صوبے کے دیگر شہروں سے بھی لوگ اپنے پالتو کتوں کو علاج کے لیے اس مرکز میں لے آتے ہیں۔