پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر شدید مندی دیکھنے میں آئی، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس 5 ہزار 149 پوائنٹس کی بڑی کمی کے بعد ایک لاکھ 74 ہزار 453 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کا نیچے آنا بتایا جا رہا ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 200 روپے کی کمی ہوئی جبکہ چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کے شدید دباؤ کے باعث بیشتر شعبوں کے شیئرز کی قیمتیں گر گئیں جس سے سرمایہ کاروں کو نمایاں نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
بوکرز کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای – 100 انڈیکس دباؤ کے ساتھ کھلا اور ابتدائی فروخت کے باعث تیزی سے 1 لاکھ 79 ہزار کی سطح سے نیچے گر گیا۔ مگر اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 1 لاکھ 74 ہزار 453 پوائنٹس پر بند ہوا، جو 5 ہزار 149 پوائنٹس یا 2.87 فیصد کی کمی ہے۔
عالمی ومقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔عالمی مارکیٹ میں کمی کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت بھی 5 لاکھ 23 ہزار 762 روپے کی سطح پر آگئی۔فی دس گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 743 روپے کمی کے بعد 4لاکھ 49 ہزار 41 روپے کی سطح پر آگئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 32 ڈالر کی کمی سے 5 ہزار 10 ڈالر کی سطح پر آگئی۔
فی تولہ چاندی کی قیمت 55 روپے کی کمی سے 8 ہزار 164 روپے کی سطح پر آگئی، فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 47 روپے کی کمی سے 6 ہزار 999 روپے کی سطح پر آگئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث اسٹاک مارکیٹ اور بلین مارکیٹ دونوں میں دباؤ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں بھی اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

