میوزک اسٹریمنگ سروس سپوٹی فائی نے Wrapped 2025 کے نتائج جاری کرتے ہوئے پاکستان میں سب سے زیادہ سنے جانے والے گلوکاروں اور گانوں کی فہرست کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سال بھی پاکستانی سامعین کی توجہ مقامی فنکاروں پر رہی، جو بتاتی ہے کہ ملک میں ڈیجیٹل میوزک اور نئے گلوکاروں کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
اس سال کا سب سے مقبول پاکستانی گلوکار طلحہ انجم قرار پائے ہیں، جو مسلسل دوسرے سال بھی سرِفہرست رہے۔ ان کے بعد عمیر اور حسن راحیم نے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے فنکاروں میں جگہ بنائی ہے۔ نوجوان موسیقاروں کے یہ نام اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک میں میوزک کا ذوق تیزی سے بدل رہا ہے اور نوجوان نسل نئے انداز کو ترجیح دے رہی ہے۔
مقبول ترین پاکستانی گانوں میں سب سے اوپر رہا ‘جھول’ جسے ماہنو اور انورل خالد نے پیش کیا۔ اس کے بعد دوسرا پسندیدہ گانا ‘پل پل’ رہا، جو آفیسک اور علی سومرو کا مشترکہ کام ہے۔ تیسرے نمبر پر گانا ‘ماند’‘ رہا، جس میں بیان، حسن راحیم اور روویلیو نے آواز کا جادو جگایا۔ یہ تینوں گانے گزشتہ سال بھر میں نوجوانوں میں بہت مقبول رہے اور ہر بڑے میوزک پلیٹ فارم پر نمایاں دکھائی دیے۔
بلوچی، پنجابی اور انڈی طرز کے گانوں نے بھی اس سال خاص توجہ حاصل کی۔ سامعین نے نئے تجربات، جدید آوازوں اور مختلف علاقائی روایات سے ملے جلے انداز کو زیادہ پسند کیا۔ ملک بھر میں موسیقی سننے کا رجحان تقریباً 70 فیصد بڑھا، جو مقامی میوزک صنعت کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوا ہے۔
اس برس کا سب سے مقبول پاکستانی البم ‘سفر’ رہا جسے بیان نے تیار کیا۔ اس کے علاوہ طلحہ انجم اور عمیر کے البمز بھی سامعین کی بڑی تعداد نے سنے، جن میں نوجوانوں کی پسند کے مطابق جذباتی اور تجرباتی میوزک نمایاں تھا۔
سپوٹی فائی نے اس سال Wrapped تجربے کو مزید بہتر بنایا ہے، جس میں صارفین کو صرف گلوکاروں اور گانوں کی فہرست ہی نہیں بلکہ ان کی سنی گئی منٹوں کی تعداد، پسندیدہ اصناف، زیادہ چلنے والے البمز اور دیگر دلچسپ معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ اس سہولت نے اسے موسیقی کا ایک سالانہ تہوار بنا دیا ہے، جس کا انتظار سامعین پورے سال کرتے ہیں۔
مجموعی طور پر Wrapped 2025 نے ظاہر کیا ہے کہ پاکستان میں مقامی موسیقی پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکی ہے۔ نئے گلوکاروں کا ابھار، جدید طرز کی موسیقی اور سامعین کی بدلتی پسند پاکستانی میوزک کو ایک نئی سمت دے رہی ہے۔
