جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے بڑی تعداد میں امیدوار میدان میں آگئے ہیں، جن میں مختلف جامعات کے موجودہ اور سابق وائس چانسلرز، بیوروکریٹس، پروفیسرز، بیرسٹرز، ریٹائرڈ بریگیڈیئرز اور دیگر شخصیات شامل ہیں۔
جامعہ کراچی اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی پالیسیوں کے باعث جامعہ کو انتظامی اور مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ الاؤنسز کے معاملے پر اساتذہ گزشتہ کئی روز سے کلاسز کا بائیکاٹ کیے ہوئے ہیں، جس کے باعث متعدد امتحانی پرچے ملتوی ہو چکے ہیں اور ہزاروں طلبہ کا مستقبل متاثر ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر خالد محمود عراقی اپنی مدتِ ملازمت میں توسیع کے لیے متحرک ہیں، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔ اسی صورتحال کے بعد جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے متعدد امیدوار سامنے آگئے ہیں۔
ان امیدواروں میں نوید احمد شیخ کو ایک مضبوط اور موزوں امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔ وہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے تعلق رکھنے والے سینئر بیوروکریٹ ہیں، جنہیں عوامی انتظامیہ، حکمرانی، معاشی نظم و نسق، اعلیٰ تعلیم اور سماجی ترقی کے شعبوں میں تین دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ بائیس گریڈ کے افسر ہیں اور اس وقت وفاقی سیکریٹری، وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اپنے طویل کیریئر کے دوران نوید احمد شیخ مختلف اہم انتظامی اور پالیسی ساز عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ وہ وفاقی سیکریٹری، وزارتِ اطلاعاتی ٹیکنالوجی و مواصلات، کمشنر کراچی، کمشنر لاڑکانہ اور کمشنر نصیرآباد کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے حکومتِ سندھ کے محکمہ جامعات و بورڈز کے سیکریٹری اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سیکریٹری کی حیثیت سے بھی اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔
اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ان کے وسیع تجربے نے انہیں جامعات کو درپیش انتظامی، مالیاتی اور ریگولیٹری مسائل سے بخوبی آگاہ کیا ہے۔ جامعہ کراچی جیسے بڑے ادارے کو اس وقت جن چیلنجز کا سامنا ہے، خصوصاً مالی بحران، انتظامی کمزوریاں اور اساتذہ کی جانب سے امتحانات کے بائیکاٹ جیسے معاملات، ان کے حل کے لیے نوید احمد شیخ کا تجربہ مؤثر تصور کیا جا رہا ہے۔
نوید احمد شیخ نہ صرف ایک تجربہ کار منتظم ہیں بلکہ جامعہ کراچی کے سابق طالبعلم بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے ڈرہم یونیورسٹی سے کاروباری انتظامیہ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، جبکہ 2012 میں انہیں معروف ہیوبرٹ ایچ ہمفری فیلوشپ سے بھی نوازا گیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے دنیا کی مختلف ممتاز جامعات اور اداروں سے پیشہ ورانہ تربیت اور اسناد حاصل کیں، جن میں یارک یونیورسٹی، یونیورسٹی آف برمنگھم، بانڈ یونیورسٹی آسٹریلیا اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن ملائیشیا شامل ہیں۔
انتظامی صلاحیتوں، مالیاتی امور پر گرفت، اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تجربے اور بین الاقوامی علمی پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے نوید احمد شیخ کو جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے ایک مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

