سنہری راز: پاکستانی گھروں میں عام استعمال ہونے والا مصالحہ ہلدی، ذائقے سے صحت تک کی کہانی

ہلدی

پاکستان کے دیہی صحن میں سردیوں کی ایک دھندلی صبح ہے۔ چولہے پر دودھ ابل رہا ہے اور دادی اماں مٹی کے برتن سے ایک چمچ ہلدی نکال کر اس میں گھول دیتی ہیں۔ سنہری رنگ آہستہ آہستہ دودھ میں پھیلتا ہے اور کمرے میں ایک مانوس خوشبو بھر جاتی ہے۔ ہمارے ہاں ہلدی صرف مصالحہ نہیں، گھریلو دوا بھی ہے، جو نسل در نسل منتقل ہوتی آئی ہے۔

ہلدی، سنہری رنگت، مٹیالی خوشبو اور گرم تاثیر رکھنے والی یہ جڑی بوٹی نہ صرف کھانوں کو رنگ اور ذائقہ دیتی ہے بلکہ صحت کے بے شمار فوائد بھی اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔

ہلدی کا پودا بنیادی طور پر جنوبی ایشیا میں اگایا جاتا ہے۔ اس کا سائنسی نام Curcuma longa ہے اور یہ ادرک کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ یہ بالکل ادرک کی طرح ہوتی ہے، مگر عام طور پر اس سکھا کر پاؤڈر بناکر استعمال کیا جاتا ہے۔ ہلدی صدیوں پرانی آیورویدک طب میں ہلدی کو جسمانی اور روحانی توازن کی علامت سمجھا جاتا رہا ہے۔

پنجاب کے کھیت ہوں، سندھ کے دیہات یا خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقے، ہلدی ہر گھر کے باورچی خانے میں موجود ہوتی ہے۔ سالن کا رنگ ہو یا دال کی خوشبو، ہلدی کے بغیر پکوان ادھورا سمجھا جاتا ہے۔ مگر اس سنہری پاؤڈر کی اصل طاقت اس کے صحت بخش اثرات میں چھپی ہے۔

پاکستان میں سردیوں کے موسم میں نزلہ، زکام اور کھانسی عام ہیں۔ ایسے میں ہلدی والا دودھ ایک آزمودہ نسخہ سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ہلدی میں موجود کرکیومن سوزش کم کرنے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بزرگ اسے گلے کی خرابی اور جسمانی کمزوری میں فائدہ مند مانتے ہیں۔

دیہی علاقوں میں زخم یا چوٹ لگنے پر ہلدی کا لیپ لگایا جاتا ہے۔ اسے جراثیم کش خصوصیات کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ جوڑوں کے درد یا گٹھیا کی شکایت میں بھی ہلدی ملا گرم دودھ یا قہوہ استعمال کیا جاتا ہے۔ کچھ معالجین کے مطابق یہ جسم میں سوزش کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

پاکستانی دسترخوان میں ہلدی صرف ذائقہ نہیں بڑھاتی بلکہ ہاضمے میں بھی مدد دیتی ہے۔ بھاری کھانوں کے بعد معدے کی گرانی کم کرنے کے لیے مصالحوں میں شامل ہلدی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جگر کے افعال کو بہتر بنانے اور جسم سے فاضل مادوں کے اخراج میں بھی اسے مفید سمجھا جاتا ہے۔

شادی بیاہ کی تقریبات میں ہلدی کی رسم بھی ہمارے ثقافتی ورثے کا حصہ ہے۔ دلہا دلہن کو ہلدی لگانا خوبصورتی اور خوشی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس رسم میں بھی صحت اور صفائی کا قدیم تصور پوشیدہ ہے، کیونکہ ہلدی کو جلد کے لیے مفید مانا جاتا ہے۔

آج جدید سائنسی تحقیق بھی اس بات کی تصدیق کر رہی ہے کہ ہلدی اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات رکھتی ہے اور جسم کو مختلف بیماریوں سے بچانے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔ تاہم ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ اسے متوازن مقدار میں استعمال کرنا ضروری ہے، کیونکہ کسی بھی چیز کی زیادتی نقصان دہ ہو سکتی ہے۔

یوں پاکستان کے گھروں میں موجود یہ سادہ سا مصالحہ دراصل ایک قدرتی خزانہ ہے۔ چولہے کی آنچ سے لے کر صحت کی حفاظت تک، ہلدی ہماری روزمرہ زندگی کا خاموش مگر مؤثر حصہ ہے، جو ذائقے کے ساتھ ساتھ تندرستی کا پیغام بھی دیتی ہے۔

اسی بارے میں: