سر شاہنواز بھٹو کی آج 69ویں برسی: سندھ اور برصغیر کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم کردار

سر شاہنواز بھٹو

کچھ دن پہلے میں سابق بیوروکریٹ اور وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری سعید مہدی کا ایک انٹرویو دیکھ رہا تھا، جس میں وہ ایک واقعہ بیان کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، وہ بطور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی جیل میں قید شہید ذوالفقار علی بھٹو سے ملاقات کے لیے گئے اور ان سے پوچھا کہ وہ جنرل ضیاء الحق سے رحم کی اپیل کیوں نہیں کرتے؟

اس پر ذوالفقار علی بھٹو نے ان سے سوال کیا: ’میں کس کا بیٹا ہوں؟‘

سعید مہدی نے جواب دیا: ’سر، آپ سر شاہنواز بھٹو کے بیٹے ہیں۔‘

اس کے بعد بھٹو صاحب نے دوسرا سوال کیا: ’جنرل ضیا کس کا بیٹا ہے؟‘

سعید مہدی کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں تھا۔

آج سر شاہنواز بھٹو کی برسی ہے۔ ان کا پہلا تعارف یہ ہے کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے والد اور شہید بے نظیر بھٹو، شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور شہید شاہنواز بھٹو کے دادا تھے۔ تاہم ان کی اپنی ایک الگ سیاسی اور تاریخی شناخت بھی ہے۔ وہ پندرہ برس تک بمبئی لیجسلیٹو کونسل میں سندھ کے منتخب نمائندے رہے۔

1934 اور 1935 میں وسیع و عریض بمبئی پریزیڈنسی میں لوکل سیلف گورنمنٹ کے وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے لندن کی گول میز کانفرنس میں سندھ کی بمبئی سے علیحدگی کا مقدمہ پیش کیا۔ وہ بمبئی اور سندھ کے مشترکہ پبلک سروس کمیشن میں بھی سندھ کی نمائندگی کرتے رہے اور ریاست جوناگڑھ کے دیوان بھی مقرر ہوئے۔

سر شاہنواز بھٹو ایسی شخصیت تھے جن کا نام صرف سندھ ہی نہیں بلکہ برصغیر کی سیاسی تاریخ میں بھی اہمیت رکھتا ہے۔ سندھ کی جدید سیاسی تاریخ میں انہیں ایک ایسے رہنما کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے برطانوی ہندوستان کے سیاسی اور آئینی نظام کے اندر رہتے ہوئے سندھ کے مفادات کی نمائندگی کی۔

انہوں نے بمبئی پریزیڈنسی میں سندھ کی حیثیت کے سوال پر کردار ادا کیا، لندن کی گول میز کانفرنس میں سندھ کی علیحدہ صوبائی حیثیت کے حوالے سے بحث میں حصہ لیا اور تقسیمِ ہند سے قبل ریاست جوناگڑھ کے دیوان کی حیثیت سے ایک پیچیدہ سیاسی بحران کا سامنا کیا۔

سندھ کا بمبئی پریزیڈنسی میں انضمام اور علیحدگی کا پس منظر

1843  میں سندھ پر انگریزوں کے قبضے کے بعد چارلس نیپئر نے سندھ کو بمبئی سے الگ انتظامی حیثیت میں رکھا تھا، لیکن 1847 میں سندھ کو بمبئی پریزیڈنسی میں شامل کرکے اس کے ماتحت کردیا گیا۔ اس فیصلے سے سندھ کی سیاسی، انتظامی اور معاشی خودمختاری متاثر ہوئی۔

سندھ کے مقامی سیاسی رہنما، زمیندار، تاجر اور دانشور وقتاً فوقتاً اس انتظام کے خلاف آواز اٹھاتے رہے۔ ان کا بنیادی مؤقف تھا کہ سندھ کے جغرافیائی، تاریخی، لسانی، معاشی اور سماجی حالات بمبئی سے مختلف ہیں، اس لیے اسے اپنا الگ انتظامی اور قانون ساز ادارہ ملنا چاہیے۔

سندھ کی بمبئی سے علیحدگی کی جدوجہد سر شاہنواز بھٹو سے بہت پہلے شروع ہوچکی تھی۔ رئیس غلام محمد بھرگڑی، سیٹھ ہرچند رائے وشنداس، حسن علی افندی اور دیگر رہنماؤں نے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کیا۔ سر شاہنواز بھٹو اس تحریک کے بعد کے دور میں ایک بااثر سیاسی شخصیت کے طور پر سامنے آئے۔

1919  کی مونٹیگو چیمسفورڈ اصلاحات کے بعد برطانوی ہندوستان میں ڈائارکی (Diarchy) کا نظام متعارف ہوا اور صوبائی قانون ساز اداروں میں منتخب نمائندوں کی شمولیت میں اضافہ ہوا۔ سر شاہنواز بھٹو 1921 میں بمبئی لیجسلیٹو کونسل میں لاڑکانہ سے منتخب ہوئے اور 1936 تک اس ادارے سے وابستہ رہے۔

ڈاکٹر نبی بخش بلوچ کے مطابق، ڈائارکی کے آغاز کے بعد سندھ سے بمبئی لیجسلیچر میں جانے والے منتخب نمائندوں کے لیے سندھ کی علیحدگی ایک اہم مسئلہ بن گئی تھی۔ ان نمائندوں میں سر شاہنواز بھٹو بھی شامل تھے، جو سندھ محمدن ایسوسی ایشن کے صدر تھے۔ اس تنظیم کے پلیٹ فارم سے سندھ کے مسلمانوں کے سیاسی، معاشی اور تعلیمی مسائل بھی اٹھائے جاتے تھے۔

سر شاہنواز بھٹو کے سیاسی اثر و رسوخ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 1934 میں انہیں بمبئی حکومت میں وزیر مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے 1936 تک ذمہ داریاں ادا کیں۔ اس حیثیت میں وہ بمبئی پریزیڈنسی کے انتظامی معاملات میں براہِ راست شریک تھے۔

سندھ کی بمبئی سے علیحدگی کی تحریک میں سر شاہنواز بھٹو کا کردار

سندھ کی بمبئی سے علیحدگی کا سوال محض انتظامی تبدیلی کا معاملہ نہیں تھا بلکہ اس کا تعلق سندھ کی سیاسی شناخت، اپنے وسائل پر اختیار اور اپنے معاملات کے بارے میں خود فیصلے کرنے کے حق سے تھا۔

بمبئی حکومت کا مؤقف تھا کہ سندھ معاشی طور پر اتنا مستحکم نہیں کہ ایک علیحدہ صوبے کی حیثیت سے اپنے اخراجات برداشت کرسکے۔ سندھ کی علیحدگی کے حامی اس دلیل کو مسترد کرتے ہوئے کہتے تھے کہ سندھ کی زراعت، دریائے سندھ، کراچی کی بندرگاہ، تجارت اور دیگر وسائل کی بنیاد پر اسے ایک خودمختار صوبہ بنایا جاسکتا ہے۔

1920 کی دہائی میں جب سندھ کی علیحدگی کا مطالبہ زور پکڑ رہا تھا، اس وقت سر شاہنواز بھٹو سندھ محمدن ایسوسی ایشن کے صدر تھے۔ اس ادارے کی قیادت میں سندھ کے سیاسی حقوق کے حوالے سے متعدد اجلاس منعقد کیے گئے اور مختلف سطحوں پر نمائندگی کی گئی۔ محمد ایوب کھوڑو، ولی محمد حسن علی آفندی، شیخ عبدالمجید سندھی اور دیگر رہنما بھی اس جدوجہد میں سرگرم تھے۔

سائمن کمیشن اور سر شاہنواز بھٹو کا کردار

1927 میں برطانوی حکومت نے ہندوستان کے آئینی نظام کا جائزہ لینے اور مستقبل کی آئینی اصلاحات کے بارے میں سفارشات مرتب کرنے کے لیے انڈین اسٹیچوٹری کمیشن قائم کیا، جو عام طور پر سائمن کمیشن کے نام سے مشہور ہے۔ سر جان سائمن اس کے سربراہ تھے۔

یہ کمیشن 1928 میں ہندوستان پہنچا۔ اس میں کسی بھی ہندوستانی رکن کی عدم شمولیت کے باعث پورے ملک میں اس کے خلاف احتجاج شروع ہوگیا۔ انڈین نیشنل کانگریس اور متعدد قوم پرست سیاسی جماعتوں نے اس کا بائیکاٹ کیا۔

سائمن کمیشن کے حوالے سے سر شاہنواز بھٹو کے کردار کو سمجھنے کے لیے دو باتوں میں فرق کرنا ضروری ہے۔ وہ اصل سائمن کمیشن کے رکن نہیں تھے بلکہ بمبئی صوبائی کمیٹی کے چیئرمین تھے، جو کمیشن کی معاونت اور آئینی معاملات کے بارے میں سفارشات مرتب کرنے کے لیے کام کرتی تھی۔

سندھ کی علیحدگی کا مطالبہ سائمن کمیشن کے سامنے بھی پیش کیا گیا۔ سندھ محمدن ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے، جس میں محمد ایوب کھوڑو اور دیگر رہنما شامل تھے، سندھ کی علیحدگی کے حق میں دلائل پیش کیے۔ دوسری جانب بمبئی صوبائی کمیٹی کی رپورٹ میں سندھ کی علیحدگی کی مخالفت کی گئی۔

ڈاکٹر نبی بخش بلوچ کے مطابق، سر شاہنواز بھٹو اور سید میران محمد شاہ کو سندھ کی نمائندگی کے لیے کمیشن کے مباحث میں شامل کیا گیا اور دونوں نے سندھ کی علیحدگی کے حق میں مؤقف اختیار کیا۔

سائمن کمیشن کی رپورٹ مئی 1930 میں شائع ہوئی۔ رپورٹ میں سندھ کی جغرافیائی اور نسلی خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے اس کی علیحدگی کے مطالبے کو ہمدردی سے دیکھا گیا، تاہم اس کے ساتھ مالی اور انتظامی اعتراضات بھی پیش کیے گئے۔ کمیشن نے سندھ کو فوری طور پر الگ صوبہ بنانے کی سفارش نہیں کی۔ اس کے نتیجے میں سندھ کی علیحدگی کی تحریک میں مزید سیاسی جدوجہد کی ضرورت محسوس ہوئی۔

یہ مرحلہ سندھ کی سیاسی تاریخ میں اہمیت رکھتا ہے، کیوں کہ اس کے ذریعے سندھ کی علیحدگی کا سوال مقامی اور بمبئی حکومت کی سطح سے نکل کر برطانوی ہندوستان کے مرکزی آئینی مباحث تک پہنچ گیا۔

لندن کی پہلی گول میز کانفرنس اور سندھ کی علیحدگی کی تاریخی جدوجہد

سر شاہنواز بھٹو کی سیاسی زندگی کا سب سے اہم اور تاریخی حوالہ 1930 سے 1931 تک لندن میں منعقد ہونے والی گول میز کانفرنس ہے۔ برطانوی حکومت نے ہندوستان کے مستقبل کے آئینی ڈھانچے، صوبائی خودمختاری اور وفاقی نظام کے بارے میں بحث کے لیے یہ کانفرنسیں منعقد کی تھیں۔

پہلی گول میز کانفرنس 12 نومبر 1930 سے 19 جنوری 1931 تک لندن میں منعقد ہوئی۔ اس میں برطانوی حکومت، ہندوستان کی مختلف سیاسی جماعتوں، ریاستوں اور اقلیتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

سندھ کی علیحدہ صوبائی حیثیت پر بحث کے لیے سب کمیٹی نمبر 9، یعنی سندھ سب کمیٹی، قائم کی گئی۔ اس کمیٹی کے اہم ارکان میں سر شاہنواز بھٹو، قائداعظم محمد علی جناح، سر غلام حسین ہدایت اللہ، سر محمد شفیع، آغا خان اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

اس کمیٹی کا بنیادی مقصد سندھ کو بمبئی سے الگ کرکے ایک علیحدہ صوبہ بنانے کے امکانات، ضرورت اور مالی استعداد کا جائزہ لینا تھا۔

برٹش لائبریری کے آرکائیو میں محفوظ اصل دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ 9 جنوری 1931 کو سر شاہنواز بھٹو نے سندھ کی علیحدگی کے بارے میں ایک مختصر یادداشت پیش کی تھی، جس کا عنوان A Brief Note on the Separation of Sind تھا۔ یہ دستاویز برٹش لائبریری کے انڈیا آفس ریکارڈز میں محفوظ ہے۔

سر شاہنواز بھٹو کی اس کانفرنس میں پیش کی گئی تقریر سندھ کی سیاسی تاریخ کی ایک اہم دستاویز ہے۔ انہوں نے سندھ کی علیحدگی کے مطالبے کو صرف مسلمانوں کے سیاسی مفاد کا معاملہ قرار نہیں دیا بلکہ اسے سندھ کی تاریخی و جغرافیائی شناخت، عوام کے حقوق اور خودمختاری کا مسئلہ بنا کر پیش کیا۔

ان کے مؤقف کا بنیادی نکتہ یہ تھا کہ سندھ کو بمبئی کے ساتھ منسلک کرنے کی بنیاد کوئی تاریخی یا قدرتی حقیقت نہیں بلکہ انگریزوں کا انتظامی فیصلہ تھا۔ سندھ کی اپنی تاریخ، زبان، ثقافت، معاشی حالات اور جغرافیائی حیثیت ہے، اس لیے اسے اپنی الگ حکومت اور قانون ساز ادارے کی ضرورت ہے۔

ان کی تقریر کا ایک اہم پہلو یہ تھا کہ انہوں نے سندھ کی علیحدگی کو ہندوستان کے دیگر سیاسی مطالبات کے ساتھ اصولی طور پر جوڑا۔ ان کا مؤقف تھا کہ جب ہندوستان کے دیگر سیاسی رہنما برطانوی حکومت سے اپنے حقوق اور خودمختاری کا مطالبہ کررہے ہیں تو سندھ کو بھی یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرے۔

گول میز کانفرنس میں سندھ کی علیحدگی کی حمایت صرف سر شاہنواز بھٹو نے نہیں کی تھی۔ قائداعظم محمد علی جناح، سر غلام حسین ہدایت اللہ اور سندھ سمیت ہندوستان کے دیگر رہنماؤں نے بھی اس مسئلے پر اپنے دلائل پیش کیے۔ سندھ کے سیاسی رہنما اس بات پر متفق تھے کہ صوبے کو اپنی الگ قانون ساز اسمبلی اور انتظامی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔

سندھ کی بمبئی سے علیحدگی اور گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ 1935

سندھ کی سیاسی جدوجہد کا ایک اہم نتیجہ گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ 1935 کی صورت میں سامنے آیا۔ اس ایکٹ کے تحت سندھ کو بمبئی پریزیڈنسی سے الگ کرکے ایک علیحدہ صوبہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ یکم اپریل 1936 کو سندھ عملاً ایک الگ صوبہ بن گیا۔

یہ فیصلہ سندھ کی جدید سیاسی تاریخ کا ایک بڑا سنگِ میل تھا۔ اب سندھ کو اپنا گورنر، اپنا انتظامی ڈھانچہ اور اپنی قانون ساز اسمبلی حاصل ہوئی۔ 27 اپریل 1937 کو سندھ کی پہلی صوبائی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔

اس کامیابی میں سر شاہنواز بھٹو کا حصہ یقیناً اہم تھا، لیکن تاریخی انصاف کا تقاضا ہے کہ اس کامیابی کو کسی ایک شخصیت سے منسوب نہ کیا جائے۔ رئیس غلام محمد بھرگڑی، سیٹھ ہرچند رائے وشنداس، حاجی عبداللہ ہارون، شیخ عبدالمجید سندھی، محمد ایوب کھوڑو، سید میران محمد شاہ اور دیگر متعدد رہنماؤں اور سیاسی کارکنوں کی طویل جدوجہد بھی اس کامیابی کے پیچھے تھی۔

1936 کے بعد سیاسی زندگی اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی

سندھ کے علیحدہ صوبہ بننے کے بعد سر شاہنواز بھٹو کی سیاسی زندگی میں ایک نیا مرحلہ شروع ہوا۔

1937 میں سندھ میں پہلے صوبائی انتخابات کی تیاریاں جاری تھیں۔ اس موقع پر سر شاہنواز بھٹو بھی حاجی عبداللہ ہارون اور دیگر رہنماؤں کی کوششوں سے قائم ہونے والی سندھ یونائیٹڈ پارٹی میں شامل ہوئے اور انہوں نے پارٹی کے نائب صدر کی حیثیت سے کام کیا۔

اس پارٹی کا اعلان کردہ مقصد سندھ کے مختلف مذہبی اور سماجی طبقات کو ایک سیاسی پلیٹ فارم پر جمع کرنا تھا۔ پارٹی نے 1937 کے انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کی، تاہم سر شاہنواز بھٹو خود انتخاب جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ لاڑکانہ کی نشست پر ان کے مقابلے میں شیخ عبدالمجید سندھی کامیاب ہوئے۔

اس کے بعد سندھ کی صوبائی سیاست میں ان کی سرگرمیاں محدود ہوگئیں۔ وہ دوبارہ بمبئی چلے گئے اور بعد میں سندھ پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ اس عہدے پر ان کی ذمہ داریوں کا ایک اہم پہلو سرکاری ملازمتوں میں سندھ کے باشندوں، بالخصوص مسلمانوں کی نمائندگی بڑھانے سے متعلق تھا۔

اس طرح سر شاہنواز بھٹو کی زندگی میں قانون سازی، صوبائی وزارت، سیاسی جماعت کی تشکیل اور سرکاری انتظامی اداروں میں خدمات کے متعدد پہلو نظر آتے ہیں۔

ریاست جوناگڑھ کے دیوان: 1947 کا سیاسی بحران

سر شاہنواز بھٹو کی زندگی کا ایک اور اہم اور انتہائی متنازع باب ریاست جوناگڑھ کے دیوان کی حیثیت سے ان کی تقرری ہے۔

1947 میں جب برطانوی اقتدار ختم ہونے والا تھا اور ہندوستان کی تقسیم کا عمل شروع ہوچکا تھا تو برطانوی ہندوستان کی متعدد نوابی ریاستوں کے مستقبل کا سوال پیدا ہوا۔ ان ریاستوں کو ہندوستان یا پاکستان کے ساتھ الحاق کا اختیار دیا گیا تھا۔

جوناگڑھ کوئی عام ریاست نہیں تھی۔ یہ کاٹھیاواڑ کے علاقے میں واقع ایک نوابی ریاست تھی، جس کے حکمران نواب محمد مہابت خان سوم تھے۔ ریاست کی اکثریتی آبادی ہندو تھی، جب کہ حکمران مسلمان تھے۔ جوناگڑھ کی جغرافیائی حیثیت بھی اہم تھی، کیوں کہ اس کا زمینی رابطہ پاکستان سے نہیں تھا اور اس کے چاروں طرف ہندوستانی علاقے واقع تھے۔

سر شاہنواز بھٹو 1947 میں جوناگڑھ کے حکمران کی انتظامی کونسل میں شامل ہوئے۔ اسی سال مئی میں انہیں ریاست کا دیوان، یعنی وزیراعظم، مقرر کیا گیا۔ اس وقت جوناگڑھ کے حکمران اور ان کے مشیروں کے سامنے سب سے بڑا سوال ریاست کے مستقبل کا تھا۔

15 اگست 1947 کو جوناگڑھ نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کیا۔ حکومتِ پاکستان نے 13 ستمبر 1947 کو اس الحاق کو قبول کرلیا، لیکن ہندوستانی حکومت نے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ ہندوستان کا مؤقف تھا کہ جوناگڑھ کی جغرافیائی صورتِ حال اور اس کی آبادی کی اکثریت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا الحاق ہندوستان کے ساتھ ہونا چاہیے۔

اس دوران ریاست کے اندر سیاسی بے چینی اور احتجاج میں اضافہ ہونے لگا۔ ہندوستانی حکومت اور کاٹھیاواڑ کی دیگر ریاستوں کا دباؤ بھی بڑھتا گیا۔ بالآخر جوناگڑھ کے نواب ریاست چھوڑ کر پاکستان آگئے۔ اس صورتِ حال میں سر شاہنواز بھٹو کے لیے انتظامی اور سیاسی حالات انتہائی مشکل ہوگئے۔

اس دستاویز کے مطابق، جوناگڑھ کے دیوان سر شاہنواز بھٹو نے انتظامی بدحالی اور امن و امان کی صورتِ حال کے پیش نظر ہندوستانی حکومت سے ریاست کا انتظام سنبھالنے کی اپیل کی تھی۔ ہندوستانی حکومت نے اس درخواست کی بنیاد پر ریاست کا انتظام اپنے ہاتھ میں لے لیا۔

یہ واقعہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان شدید تنازع کا سبب بنا۔ حکومتِ پاکستان نے ہندوستان کے اس اقدام پر اعتراض کیا، کیوں کہ پاکستان کے مؤقف کے مطابق جوناگڑھ پہلے ہی پاکستان کے ساتھ الحاق کرچکا تھا۔ پاکستان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کو ریاست کے انتظامی معاملات میں مداخلت کا کوئی حق حاصل نہیں تھا۔

بعد ازاں جوناگڑھ کا معاملہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایک بڑے سفارتی اور سیاسی تنازع میں تبدیل ہوگیا۔ فروری 1948 میں ہندوستان کے انتظام میں ریفرنڈم کرایا گیا، جس میں اعلان کردہ نتائج کے مطابق اکثریت نے ہندوستان کے ساتھ الحاق کی حمایت کی۔ پاکستان نے اس عمل کی شفافیت اور قانونی حیثیت پر اعتراض کیا۔

سر شاہنواز بھٹو کی انتظامی اور سماجی خدمات

سر شاہنواز بھٹو کی خدمات صرف سیاسی نمائندگی اور آئینی مباحث تک محدود نہیں تھیں۔ ان کا تعلق لاڑکانہ کے ایک بااثر زمیندار خاندان سے تھا اور انہیں مقامی سطح پر بھی سیاسی و سماجی اثر و رسوخ حاصل تھا۔

وہ لاڑکانہ ڈسٹرکٹ بورڈ کے پہلے غیر سرکاری صدر بھی رہے۔ اس عہدے پر ان کی ذمہ داریاں مقامی انتظام، عوامی نمائندگی اور ضلعی سطح کے اداروں کی ترقی سے متعلق تھیں۔ اس کے علاوہ وہ سندھ کوآپریٹو بینک کی سربراہی سے بھی وابستہ رہے۔

سر شاہنواز بھٹو 19 نومبر 1957 کو وفات پاگئے۔ ان کی وفات کے ساتھ سندھ کی ایک ایسی سیاسی شخصیت کی زندگی کا خاتمہ ہوا جس نے سندھ کی سیاست میں بھرپور حصہ لیا تھا۔

ان کے فرزند ذوالفقار علی بھٹو بعدازاں پاکستان کی سیاست کی ایک بڑی شخصیت بنے اور ملک کے وزیراعظم کے منصب تک پہنچے۔ اس طرح بھٹو خاندان نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔

19 نومبر کو ان کی برسی کے موقع پر انہیں یاد کرنے کا ایک اہم مقصد یہ بھی ہونا چاہیے کہ سندھ کی سیاسی تاریخ کے ان کرداروں اور دستاویزات کو نئی نسل تک پہنچایا جائے جن کے ذریعے سندھ نے اپنی الگ سیاسی شناخت اور آئینی حیثیت حاصل کی۔

اسی بارے میں: